بھارت لائن آف کنٹرول پر جنگی ماحول پیدا کر رہا ہے ،سردار مسعود خان

دشمن کے بزدلانہ اقدامات آزاد کشمیر کے عوام کے حوصلے کبھی پست نہیں کر سکتے ،بھارت نازی جرمنی کی تاریخ دہرا رہا ہے لیکن عبرت ناک شکست اس کا مقدر ہے ، صدر آزاد جموں و کشمیر

ہفتہ 12 اکتوبر 2019 15:38

بھارت لائن آف کنٹرول پر جنگی ماحول پیدا کر رہا ہے ،سردار مسعود خان
مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2019ء) آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے قابض بھارتی فوج کی طرف سے وادی نیلم سمیت مختلف سیکٹروں میں بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری اور اس کے نتیجہ میں انسانی جانوں کے ضیاع اور شہریوں کی املاک کا نقصان پہنچانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے یہ بزدلانہ اقدامات آزاد کشمیر کے عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکتے ۔

آزاد کشمیر کی وادی نیلم کے گائوں چانگن ، دودھنیال اور شاردہ میں گزشتہ روز سے جاری فائرنگ اور گولہ باری اور اس سے ایک کمسن بچے کی شہادت اور نو دیگر شہریوں کے زخمی ہونے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے صدر آزاد کشمیر نے متاثرہ خاندانوں سے گہری ہمدردی اور دلی تعزیت کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول کے پار سے بھارتی فوج کلسٹر ایمونیشن استعمال کر رہی ہے جو کلسٹر ایمونیشن کنونشن کے تحت ایک جرم ہے اور خود بھارت اس بین الاقوامی معائدے پر دستخط کرنے والے ممالک میں شامل ہے ۔

اُنہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اُڑانے پر بھارت کا محاسبہ کر ے اور اسے خطہ میں جنگی جنون کو ہوا دینے اور کشیدگی بڑھانے سے باز رکھنے کے لیے دبائو ڈا لے ۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارت ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لیے لائن آف کنٹرول پر کشیدگی کا ماحول پیدا کر رہا ہے ۔

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارت کشمیر کے دونوں حصوں میں کھلے عام دہشت گردی کر رہا ہے اور انسانوں کی جان و مال سے کھیل رہا ہے جس کی اُسے بھارت قیمت چکانے پڑے گی ۔ صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام اور ملک کی بہادر افواج بھارت کی کسی بھی شر انگیزی اور مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اور آزاد جموں و کشمیر کے عوام بھارت کے خلاف اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی تحریک آزادی کی حمایت میں ایک اور متحد ہے ۔

صدر ریاست نے کہا کہ یہ بھارت کی بھول ہے کہ وہ ظلم ، جبر اور جنگ کی دھمکیوں سے کشمیریوں کو اپنی جدو جہدآزادی ترک کرنے پر مجبور کر دے گا ۔ کشمیریوں کا عزم ہمالیہ کی چوٹیوں سے بلند ہے جسے شکست دینا بھارت کے بس میں نہیں ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ بھارت کے موجودہ حکمرانوں کو یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ نازی جرمنی بھی ایک زمانے میں طاقتو ر تھا اور اس نے بھی بہت ظلم کئے تھے لیکن پھر ایسا وقت بھی آیا جب اسے اپنے ایک ایک ظلم کا حساب دینا پڑا ۔