مولانا فضل ا لرحمن ایل او سی پر دھرنا دیں ،حکومت ساتھ دے گی،غلام سرور خان

پاکستان کشمیریوں کی بات کرتا ہے اور مولانا پاکستان کے خلاف بات کرتے ہیں،وفاقی وزیر ہوابازی کا پریس کانفرنس سے خطاب

ہفتہ 12 اکتوبر 2019 15:44

مولانا فضل ا لرحمن ایل او سی پر دھرنا دیں ،حکومت ساتھ دے گی،غلام سرور ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2019ء) وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے کہاہے کہ مولانا کچھ بھی کریں لیکن خدا را کشمیر کاز کو خراب نہ کریں ،مولانا کے مقاصد وہی ہیں جو را کے ہیں،مولانا کی مبہم کال سے واضح نہیں ہو رہاکہ مولانا کیا کشمیریوں کے حق میں مارچ کرنا چاہتے ہیں یایہ مارچ حکومت کے خلاف ہے ۔ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے ہفتہ کو پی ٹی آئی سیکرٹریٹ راولپنڈی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر نے مزید کہاکہ بین الاقوامی دنیا اگر آج کشمیر پر بات کر رہی ہے تو مولانا اس کو خراب نہ کریں،مولانا فضل الرحمان ایل او سی پر دھرنا دیں حکومت مکمل ساتھ دے گی۔ ۔انہوںنے کہاکہ مولانا نی27 اکتوبر کو آزادی مارچ کرنے کا کہا تھا اور 27 اکتوبر کو کشمیری یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں، پاکستان کشمیریوں کی بات کرتا ہے اور مولانا پاکستان کے خلاف بات کرتے ہیں،مولانا فضل الرحمان کو کشمیر کے مسئلے پر حکومت کا ساتھ دینا چاہیے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر ہوابازی نے اے پی پی کو کہاکہ جس طرح کی مولانا کی حکمت عملی ہوگی ویسی ہی ہماری حکمت عملی ہوگی۔صحافیوں کے سوالوں کے جواب میں غلام سرور خان نے کہاکہ مولانا کو کدھر روکنا ہے ،کیا کرنا ہے وقت پر بتائیں گے۔غلام سرور خان نے کہا کہ وزیر اعظم نے کہا ہے کہ اگر مولانا کو کوئی مسئلہ ہے تو بات کریں۔غلام سرور خان نے نواز شریف کے بارے میں کہا کہ نوازشریف نے کہا تھا کہ سرحد کے اس پار اور دوسری پار سب لوگ ایک ہیں ۔

نوازشریف نے جب دو قومی نظریہ کی نفی کی تب مولانا نے دھرنا کیوں نہ دیا،لوٹ کھسوٹ میں ملوث افراد اور مولانا فضل الرحمان ریفرنس سے بچنا چاہتے ہیں۔غلام سرور خان نے کہا کہ ہمارے دھرنے کے مقاصد بالکل واضح تھے اور مولانا کے پاس دھرنے کی وجہ کیا ہے۔سرکاری اعزازیہ اور گھر لینے کے علاوہ مولانا فضل الرحمان کا کام ہی کیا تھا۔ہمارے اسکول یونیورسٹی درگاہوں پر حملے ہوئے کبھی مولانا فضل الرحمان بولی ۔