Live Updates

شہبازشریف اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ

سیاسی صورتحال اورآزادی مارچ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال، مولانا فضل الرحمان نے حمایت پر ن لیگ کا شکریہ ادا کیا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 12 اکتوبر 2019 17:40

شہبازشریف اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12 اکتوبر2019ء) مسلم لیگ ن کے صدر محمد شہباز شریف اور جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، جس میں سیاسی صورتحال اورآزادی مارچ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے مسلم لیگ ن کے صدر محمد شہباز شریف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے آزادی مارچ کی حمایت پر صدرن لیگ شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا ہے۔ شہبازشریف نے مولانا فضل الرحمان کو پارٹی قائد نوازشریف کا پیغام بھی پہنچایا کہ نوازشریف نے آزادی مارچ کی مکمل حمایت کی ہدایت کی ہے۔ جس پر ن لیگ کے کارکنان آزادی مارچ میں بھرپورشرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان مذاکرات کی بات کرتے ہیں، مذاکرات صرف عمران خان کے استعفے یا نئے انتخابات پر ہو سکتے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہاکہ حکومت چند غلط معلومات کے ذریعے یہ تاثر دے رہی ہے کہ ن لیگ تقسیم ہو گئی ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ گلگت سے گودار اور نارووال سے کراچی تک ن لیگ نواز شریف کی قیادت میں متحد ہے۔وزیراعظم کی جانب سے اپوزیشن سے مذاکرات کی بات پر احسن اقبال نے کہا کہ عمران مذاکرات کی بات کرتے ہیں، مذاکرات صرف عمران خان کا استعفیٰ یا نئے انتخابات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ کی حمایت پوری اپوزیشن کر چکی ہے، تمام جماعتیں حکومت کو رخصت کرنے پر متفق ہیں۔رہنما (ن )لیگ نے حکومت کو مشورہ دیا کہ بہتر ہے حکومت خود اگلے سال عام انتخابات کا اعلان کر دے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری گزشتہ میٹنگ کےحوالےسے بےبنیاد خبریں چلائی گئیں۔ شہبازشریف جنرل کونسل اورنوازشریف کے اعتماد کے حامل پارٹی صدر ہیں۔ مسلم لیگ ن میں کسی قسم کا کوئی اختلاف نہیں۔ پارٹی کا ایک ہی نظریہ ہے جس کا نام نوازشریف ہے۔ پارٹی میں مختلف رائے کا حق ہے مگرقائد کا فیصلہ سب تسلیم کرتے ہیں۔ پی پی سمیت دیگرجماعتیں اپنے پروگرام کے مطابق مارچ میں شرکت کریں گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات