سی پیک جوائینٹ ورکنگ گروپ کے اعلیٰ سطح کے چینی وفد کی وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید سے ملاقات

ہفتہ 12 اکتوبر 2019 18:39

سی پیک جوائینٹ ورکنگ گروپ کے اعلیٰ سطح کے چینی وفد کی وفاقی وزیر مواصلات ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2019ء) چینی وزیر ٹرانسپورٹ کی قیادت میں سی پیک جوائینٹ ورکنگ گروپ کے اعلیٰ سطح کے چینی وفد نے ہفتہ کو یہاں وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید سے ملاقات کی۔اس موقع پر ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کے لئے مشترکہ ورکنگ گروپ کی مفاہمتی یاداشت پر بھی دستخط کر دیئے گئے۔سی پیک منصوبے کے دوسرے مرحلے میں مغربی روٹ پر کام تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

دوسرے مرحلہ میں مغربی روٹ پر 1270 کلو میٹر کی شاہراہیں اورگلگت سے چترال اور ڈی آئی خان سے ژوب تک شاہراہیں بھی تعمیر ہوں گی۔پشاور تا ڈی آئی خان اور سوات ایکسپریس وے فیز ٹو سمیت قراقرم ہائی وے پر بھی کام ہوگا۔چینی وفد نے پاکستانی حکومت کی مہمان نوازی کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ منصوبے کی بر وقت تکمیل کے لئے وزارت مواصلات نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

(جاری ہے)

چین کے وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ سی پیک سے دونوں ممالک کی آئندہ نسلیں بھی مستفید ہوں گی،اس کے علاوہ دونوں ملکوں کی قیادت نے منصوبے کی بروقت تکمیل کے عزم کا اظہار کیا ہے۔وزیر مواصلات مراد سعید نے چینی انجینئرز کی محنت،عزم اور پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا اور کہا کہ سی پیک کی تکمیل میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا اولین ترجیح ہے۔سی پیک سے ملازمتوں کے مواقع،انفراسٹرکچر اور مقامی کاروبار کو فروغ ملے گا۔

وزیر مواصلات نے سی پیک اتھارٹی کے قیام سے متعلق بھی چینی وفد کو آگاہ اور کشمیر کے معاملہ پر چینی حکومت کی حمایت پر اظہار تشکر کیا۔مراد سعید نے چین کی تیز رفتار ترقی کو سراہتے ہوئے کہا کہ معاشی و اقتصادی ترقی سمیت غربت کے خاتمہ کے لیے چین ایک رول ماڈل ہے۔وفد کو سی پیک کے دوسرے مرحلہ میں زراعت،سیاحت اور غربت کے خاتمہ میں ترجیحات سے بھی آگاہ کیا گیا۔