افغانستان ،صوبہ بلخ میں پولیس اہلکار نے بغاوت کرکے اپنے تین ساتھیوں کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا

ہفتہ 12 اکتوبر 2019 22:20

افغانستان ،صوبہ بلخ میں پولیس اہلکار نے بغاوت کرکے اپنے تین ساتھیوں ..
کوہاٹ/کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2019ء) افغانستان کے شمالی صوبہ بلخ میں پولیس اہلکار نے بغاوت کرکے اپنے تین ساتھیوں کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا جبکہ صوبہ بدخشاں میں پولیس کمانڈر بارودی سرنگ کی زدمیں آکر جاں بحق ہوگیا۔غیرملکی خبررساںا دارے نے صوبہ بلخ کے ضلع دولت آبادکے ضلعی سربراہ محمدیوسف عالم زادہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ ہفتہ کے روز پولیس کی ایک چیک پوسٹ پر تعینات پولیس اہلکار نے اپنے تین ساتھیوں کو گولی مارکرہلاک کردیا اور سرکاری اسلحہ سمیت فرار ہوکر طالبان میں شمولیت اختیار کرلی۔

طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ یہ حملہ طالبان کے ایماپر کیا گیا اور حملہ آورپولیس اہلکار نے اپنے تین ساتھیوں کی ہلاک کے بعد طالبان میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔

(جاری ہے)

ادھرسرحدپار سے موصولہ اطلاع کے مطابق صوبہ بدخشاں کے ضلع جورم کے علاقے فرغامرومیں بارودی سرنگ کی زدمیں آکر مقامی پولیس کا کمانڈرجاں بحق ہوگیا۔ضلعی پولیس سربراہ کرنل سیداسداللہ مجیدی نے واقعہ کی تصدیق کی ہے۔ دریں اثناء شمالی صوبہ قندوز کے ضلع چاردرہ میں افغان انٹیلی جنس ادارے نے ایک آپریشن کے دوران تین شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے اور کہا ہے کہ اس آپریشن میں شدت پسندوں کا رہنما اپنے تین دیگر ساتھیوں سمیت زخمی بھی ہوگیا ہے۔