قومی انڈر 19 ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کا دوسرا رائونڈ مکمل،

صائم ایوب کی شاندار سنچری نے سندھ کو فتح دلادی معاذ صداقت کے 5 شکار، سنٹرل پنجاب کو مسلسل دوسری شکست، آل رائونڈر محمد جنید کی جارحانہ اننگز نے بلوچستان کو 3 وکٹوں سے کامیابی دلائی

ہفتہ 12 اکتوبر 2019 22:20

قومی انڈر 19 ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کا دوسرا رائونڈ مکمل،
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2019ء) سندھ نے سدرن پنجاب کو 199 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر قومی انڈر 19 ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ میں دوسری کامیابی حاصل کرلی ۔ سندھ کی جانب سے صائم ایوب نے شاندار سنچری اسکور کی۔ ڈرنگ اسٹیڈیم بہالپور میں کھیلے گئے میچ میں سندھ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ سندھ کے اوپنرز نے اننگز کے آغاز میں ہی پراعتماد کھیل کا مظاہرہ کیا اور 162رنز کی اوپننگ شراکت قائم کر کے جیت کی بنیاد رکھ دی۔

صائم ایوب نے 104رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ 111 گیندوں کا سامنا کرنے والے صائم ایوب کی اننگز میں 13 چوکے اور 1 چھکا شامل تھا۔ جہانزیب سلطان نے 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سی71 رنز بنائے۔ سندھ نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 307 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

سدرن پنجاب کی جانب سے اسپنر حارث جاوید اور فاسٹ بالر طاہر حسین نے 2،2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جواب میں سدرن پنجاب کی پوری ٹیم 31ویں اوور میں 108 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔

میزبان ٹیم کے 8 کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکے۔ سدرن پنجاب کی جانب سے باسط علی 26 رنز بنا کر نمایاں بیٹسمین رہے۔ سندھ کے فاسٹ بالر محمد مکی اور اسپنر عامر علی نے 2،2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔دوسری جانب خیبرپختونخوا ہ نے اسپنر معاذ صداقت کی عمدہ بالنگ کی بدولت سنٹرل پنجاب کو 50 رنز سے مات دے دی۔ اس سے قبل سنٹرل پنجاب نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

اتفاق گرانڈ لاہور میں کھیلے گئے میچ میں خیبرپختونخوا کی پوری ٹیم 48ویں اوور میں 245 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔ ثاقب جمیل نے 51 اور طلحہ روشان نے 41 رنز کی اننگز کھیلی۔ سنٹرل پنجاب کی جانب سے فاسٹ بالرز غفران ہادی اور علی مصطفی نے 3،3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جواب میں سنٹرل پنجاب کے اوپنرز سعد بن اطہر اور محمد حریرہ نے اننگز کا متاثرکن آغاز کیا اور 98 رنز کی شراکت قائم کی تاہم دونوں اوپنرز کے آئوٹ ہوتے ہی سنٹرل پنجاب کے بلے بازوں کے لیے معاذ صداقت کی گھومتی گیندوں کا سامنا کرنا مشکل ہوگیا اور پوری ٹیم 43ویں اوور میں 195 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔

سعد بن اطہر 53 اور محمد حریرہ 45 رنز بنا کر نمایاں بیٹسمین رہے۔ بائیں ہاتھ کے اسپنر معاذ صداقت نے 47 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ادھر جناح اسٹیڈیم سیالکوٹ میں بلوچستان نے ایک روزہ میچ میں ناردرن کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔ ناردرن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ مڈل آرڈر بیٹسمین مبشر خان کے 82 اور اوپنر حسن عابد کیانی کے 58 رنز کی بدولت ناردرن کی پوری ٹیم 49.2 اوورز میں 244 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔

بلوچستان کی جانب سے اختر شاہ نے 3 کھلاڑیوں کو آٹ کیا۔ ہدف کے تعاقب میں بلوچستان کے 5 کھلاڑی 135 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ چکے تھے کہ آل رائونڈر محمد جنید نے 56 گیندوں پر ناقابل شکست 68 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلادی۔ آل رائونڈر کی اننگز میں 10 چوکے شامل تھے۔ ناردرن کے اسپنر مہران ممتاز نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔