جشن عید میلادالنبی ﷺ منانے کا اہتمام کراچی کے ہر گلی ہر کوچے،مسجد،مدرسے اور آستانوں وخانقاہوں میں ہوگا،محمدسلیم خاں قادری ترابی

ہفتہ 12 اکتوبر 2019 22:27

جشن عید میلادالنبی ﷺ منانے کا اہتمام کراچی کے ہر گلی ہر کوچے،مسجد،مدرسے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اکتوبر2019ء) اہلسنّت حنفی بریلوی مساجد کی انتظامی کمیٹیوں کے اکابرین اور میلادشریف کااہتمام کرنے والی نمائندہ تنظیمات وشخصیات پر مشتمل مرکزی میلادالائنس پاکستان کے بانی وچیف آرگنائزر،مرکزی انجمن سیرت النبی ﷺ گلبہار کے چیئرمین وممتازقومی وسماجی رہنمامحمدسلیم خاں قادری ترابی نے گلبہارمیں پاکستان اسلامک فورم کے رہنماناصر حسین خاں کی قیام گاہ پرجمعیت علماء پاکستان(نورانی) کراچی کے چیف آرگنائزرمحمدشکیل قاسمی کے زیرصدارت منعقدہ مرکزی میلادالائنس پاکستان کے مشاورتی اجلاس سے خطاب میں حکومتی اداروں کو متوجہ کرتے ہوئے کہاہے کہ ماہ ربیع الاول شریف کی آمد آمد ہے،شمع رسالت کے پروانے،حضوراکرم ﷺ کے غلام اپنے آقاومولیٰ حضرت محمدمصطفیٰﷺ کی دنیامیں تشریف آوری کامنانے کی تیاریوں میں مصروف ہیں، جشن عید میلادالنبی ﷺ منانے کا اہتمام ہرسال کی طرح اس سال بھی کراچی کے ہر گلی ہر کوچے،مسجد،مدرسے اور آستانوں وخانقاہوں میں ہوگا،عوام اہلسنّت حنفی بریلوی پورے جوش وخروش اور ولولے کے ساتھ جشن عید میلادالنبی ﷺ مناکر اسلام اور پاکستان دشمن قوتوں کے عزائم کو مٹی میں ملادیں گے۔

(جاری ہے)

اجلاس سے مہمان خصوصی پاکستان اسلامک فورم کے چیئرمین حاجی مرزامحمدمبین بیگ ،ممبر امن کمیٹی ضلع سینٹرل ناصر حسین خان،انجمن نوجوانان اسلام سندھ کے جنرل سیکریٹری شیخ عبدالوحید یونس نورانی،صاحبزادہ محمدصادق قریشی،غلام عباس لنگاہ،محمداکبروٹو ودیگر نے بھی خطاب کیا۔محمدسلیم خاں قادری ترابی نے اپنے خطاب میں مزید کہاکہ جشن عید میلادالنبی ﷺ منانے کے سلسلے میں بنیادی سہولیات فراہم کرنا حکومتی اداروں کی ذمہ داری ہے،جس طرح پچھلے دنوں حکومت کے تمام اداروں نے اپنی ذمہ داری کو بخوبی انجام دے کر خدمت کی اعلیٰ مثال قائم کی ہم چاہتے ہیں اسی طرح ماہ ربیع الاول شریف میں بھی مذکورہ ادارے اپنے فرائض اور ذمہ داریاں ذمہ داری سے انجام دے کر عوام اہلسنّت حنفی بریلوی کی خوشیوں کو دوبالاکردیں۔

انہوں نے کہاکہ عوام اہلسنّت حنفی بریلوی کا حق ہے کہ وہ حکومتی ایوانوں میں اعلیٰ مناصب پر براجمان احباب سے مطالبہ کریں کہ وہ اہلسنّت حنفی بریلوی عوام کے جذبات واحساسات کو محسوس کریں،اور اپنی ذمہ داریوں کو دیانتداری سے انجام دیں،قائدین واکابرین ،علمائے کرام ،مشائخ عظام اور کارکنان اہلسنّت حنفی بریلوی انتظامی امورپر حکومت کے تمام اداروں کے ساتھ تعاون پریقین رکھتے ہیں، مرکزی میلادالائنس پاکستان کے ذمہ داران گلی کوچوں کے مسائل کی فہرست مرتب کررہے ہیں،ہمارامطالبہ ہے کہ پولیس اور قانون نافذکرنیوالے ادارے قائدین واکابرین اہلسنّت حنفی بریلوی سے اپنے رابطے یقینی بنائیں،اول توجشن عید میلادالنبی ﷺ کے جلسوں، جلوسوںاور محافل کو اجازت ناموں سے مستثنیٰ قراردیاجائے بصورت دیگرجو تنظیمات اجازت نامے حاصل کرتی رہی ہیں انہیں فوری طورپر اجازت نامے جاری کردیئے جائیں۔

امن وامان کویقینی بنانے کے لئے حساس پولیس اسٹیشنوں پر نفری میں فوری طورپر اضافہ کیاجائے،بلدیاتی مسائل کے حل کیلئے حکومتی افسران جشن عید میلادالنبی ﷺ فنڈ فوری طورپر فراہم کرنے میں اپناکرداراحسن طریقے سے پیش کریں۔محمدسلیم خاں قادری ترابی نے تمام اہلسنّت حنفی بریلوی تنظیمات کے اکابرین سے اپیل کی کہ وہ اپنی تقریبات کے تمام اخلاقی اور قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے تحریری طورپر تمام اداروں کو اپنی تقریبات کے انعقاد سے آگاہ کریں،Kالیکٹرک ،ٹریفک پولیس،سول انتظامیہ،کمشنرکراچی،ضلعی ڈپٹی کمشنرز،ایس ڈی ایمز،آئی جی سندھ پولیس، سیکریٹری داخلہ سندھ،ایڈیشنل آئی جی سندھ،ڈی آئی جی زون،میئرکراچی،ڈپٹی میئر،ضلعی ویوسی چیئرمینزاور وائس چیئرمینزکو فوری طورپر خطوط لکھ کر اپنی ضروریات سے آگاہ کریں۔

انہوں نے کہاکہ مرکزی میلادالائنس پاکستان کے جملہ اراکین جشن عید میلادالنبیﷺمنانے والی تمام تنظیمات سے رابطہ کررہے ہیںاور ضروری مسائل کو یکجاکرکے گورنرسندھ، وزیراعلیٰ سندھ،ڈی جی رینجرز،آئی جی سندھ،میئرکراچی وضلعی چیئرمینز،واٹراینڈسیوریج بورڈکے ایم ڈی، کمشنرکراچی وڈپٹی کمشنرزکو پیش کرنے کی پوری کوشش کریںگے۔محمدسلیم خاں قادری ترابی نے کہاکہ موجودہ حالات کے تناظر میں حکومتی ذمہ داران غلامان مصطفیٰﷺ کے جذبات کا خیال رکھیں،ہماری محبت، خلوص اور احترام کی پالیسی کو ہماری کمزوری ہرگزنہ سمجھاجائے،ہم عوام اہلسنّت حنفی بریلوی کے بنیادی حقوق کے حصول کے لئے ہروہ انداز اپنانے کی طاقت،صلاحیت اور ہمت رکھتے ہیںجو آئین پاکستان میں قانون ہمیں فراہم کرتاہے،ان شاء اللہ عوام اہلسنّت حنفی بریلوی کے حقو ق کی فراہمی میں مرکزی میلادالائنس پاکستان کے اکابرین اپنابھرپوراور تاریخی کرداراداکریں گے۔