Live Updates

ہم پرامن قانون پسند ہیں ہمارا آزادی مارچ پرامن ہوگا اور اس وقت تک جاری رہے گا جب تک حکومت کو گھر نہیں بھیج دیاجاتا، راشدمحمود سومرو

ناانصافی حکومت ملک کے لئے خطرہ بن چکی ہے اس کی نااہلیت نے قوم کو عذاب میں مبتلا کردیا ہے، "آزادی مارچ" میں شرکت کے لئے سندھ کا مرکزی قافلہ حیدرآباد سے روانہ ہوگا، پریس کانفرنس

ہفتہ 12 اکتوبر 2019 23:10

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2019ء) جمعیت علماء اسلام (ف) کے صوبائی جنرل سیکریٹری علامہ راشد سومرو نے کہاہے کہ ہم پرامن قانون پسند ہیں ہمارا آزادی مارچ پرامن ہوگا اور اس وقت تک جاری رہے گا جب تک حکومت کو گھر نہیں بھیج دیاجاتا، ناانصافی حکومت ملک کے لئے خطرہ بن چکی ہے اس کی نااہلیت نے قوم کو عذاب میں مبتلا کردیا ہے، قادیانیوں کی سرگرمیوں میں روز بروز اضافہ ہورہاہے، "آزادی مارچ" میں شرکت کے لئے سندھ کا مرکزی قافلہ حیدرآباد سے روانہ ہوگا۔

وہ حیدرآباد میں پارٹی کے مقامی دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے، ا س موقع پر مولانا تاج محمد ناہیوں، عبدالقیوم ہالیجوی، محمد اعظم جہانگیری اور دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

علامہ راشد محمودسومرو نے کہاکہ قائد جمعیت نے 25جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے چند گھنٹے بعد ہی پریس کانفرنس میں الیکشن میں دھاندلی اور جے یو آئی کا مینڈیٹ چوری ہونے کی اطلاع دی تھی، ذمہ دار اداروں کا یہ فرض تھا کہ وہ کاروائی کرتے لیکن خلائی مخلوق نے نااہل حکمرانوں کو ہمارے سروں پر مسلط کردیا ہے، انہوں نے کہا کہ بیروز گاری اور مہنگائی کے طوفان کے بعد کشمیر کے معاملے پر بھی حکومت کی نااہلی نے ملک کے وجود کو خطرے میں ڈال دیا ہے پاکستان سفارتی تنہائی کا شکار ہوچکا ہے، قریبی دوست بھی ساتھ چھوڑ رہے ہیں، سی پیک تعطل کا شکار ہے، انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دورہ چین کے بعد چینی صدر کا دورہ بھارت اور نیپال حکومت کی سفارتکاری کی صلاحیت پر بڑا سوالیہ نشان ہے، انہوں نے کہا کہ اچھی تقریر مسائل کا حل نہیں ہوتی اس کے لئے عملی اقدامات کرنا ہوتے ہیں، عملی اقدامات کی اس حکومت میں صلاحیت ہی نہیں ہے، موجودہ حکومت کی طرف سے ایک سال میں لیا گیا قرضہ ملک کو تباہ کرنے کے لئے کافی ہے، قادیانیوں کی سرگرمیوں میں روز بروز اضافہ ہورہاہے، تھر قادیانی ریاست بنتا جارہاہے، قادیانی کھلے عام اسلامی شعائر کی توہین کررہے ہیں لیکن توجہ دلانے کے باوجود حکومت کوئی قدم اٹھانے کو تیار نہیں ہے، انہوںنے کہاکہ آزادی مارچ کے سلسلے میں سندھ کا مرکزی قافلہ حیدرآباد سے روانہ ہوگا حیدرآباد میں کراچی کے قافلوں سمیت آٹھ اضلاع کے قافلے شامل ہوں گے، دن 1 بجے حیدرآباد اور شام 4 بجے نواب شاہ سے روانگی ہوگی، رات سکھر میں قیام کے بعد28اکتوبر کو یہ مارچ پنجاب میں داخل ہو گا، انہوںنے بتایا کہ قائد جمعیت کو پور ے ملک سے قافلوں کی قیادت کی درخواستیں ملی ہیں امید ہے کہ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن28اکتوبر کو سکھر سے روانہ ہونے والے قافلے کی قیادت کریں گے، راشد محمود سومرو نے بتایا کہ31لاکھ کارکنوں نے مارچ کے لئے رجسٹریشن کرائی ہے اور فی کارکن 100 روپے وصول کرنے ہیں صاحب حیثیت لاکھوں نہیںکروڑوں دے رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے، ہم نے تمام پارٹیوں اور قوم پرستوں سے رابطہ کیا ہے، ہم سندھ کی وحدت پر یقین رکھتے ہیں، سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی کے مارچ کے حوالے سے سوال پر علامہ راشد محمود سومرو نے بتایا کہ ڈاکٹر قادر مگسی سے بات ہوئی ہے کہ وہ اپنا مارچ موخر کردیں یا چند روز قبل کرلیں، انہوںنے کہاکہ بلاول بھٹو اور نواز شریف کے دو ٹوک اعلان کے بعد ان کی پارٹیوں کی طرف سے مارچ مین تعاون پر ابہام ختم ہوگیا ہے، یہ دونوں پارٹیاں بھر پور تعاون کریں گی، یہ مارچ سلیکٹڈ وزیر اعظم کے استعفیٰ تک جاری رہے گا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات