Live Updates

حکومت کا لنگرخانہ پروگرام کو پسماندہ علاقوں تک وسعت دینےکا فیصلہ

وزیراعظم کا اگلے مرحلے میں تھر میں لنگرخانہ کھولنے کا حکم، تھرپارکر میں تین لنگر خانے کھولے جائیں گے، 600 افراد کو دو وقت کا مفت کھانا ملےگا۔ ذرائع

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 12 اکتوبر 2019 21:44

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12 اکتوبر2019ء) حکومت نے لنگرخانہ پروگرام کو پسماندہ علاقوں تک وسعت دینے کا فیصلہ کرلیا، وزیراعظم عمران خان نے اگلے مرحلے میں تھر میں لنگرخانہ کھولنے کا حکم دے دیا، تھرپارکر میں تین لنگر خانے کھولے جائیں گے، 600 افراد کو مفت کھانا ملےگا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اگلے مرحلے میں تھرمیں لنگرخانے کھولنے کا حکم دے دیا ہے۔

وزیراعظم کے احکامات کے تحت تھرپارکر میں تین لنگرخانے کھولیں جائیں جس میں 600 افراد کو مفت کھانا ملےگا۔ تھرپارکر لنگرخانوں میں دو وقت کا کھانا مفت فراہم کیا جائےگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تھرپارکرمیں لنگرخانے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت شروع کیے جائیں گے۔ لنگرخانوں کی جگہ کے تعین کیلئے خصوصی ٹیم آئندہ ہفتے تھرپارکر کا دورہ کرےگی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم عمران خان تھرپارکر میں لنگر خانے کا جلد افتتاح کریں گے۔ واضح رہے اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں احساس سیلانی لنگر اسکیم کا افتتاح کیا تھا۔ اس پروگرام کے تحت نادار اور ضرورت مند افراد کو مفت کھانے کی سہولت مہیا کی جائے گی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ یہ ملک کی تاریخ کا غربت میں کمی کا سب سے بڑا پروگرام ہے، یہ اسکیم چھوٹے شہروں تک بھی پہنچائیں گے، مشکل وقت میں پوری کوشش کریں گے کہ کوئی بھوکا نہ رہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ شروع میں ریاست مدینہ کے بھی مشکل حالات تھے، ریاست مدینہ پر یونی ورسٹیز میں پی ایچ ڈی پروگرامز رکھے ہیں، حکومت کاروباری، صنعتی اور امیر طبقے کی مدد کرے گی، ان سے ٹیکس اکٹھا کرکے غریبوں پر خرچ کریں گے، لوگ صبر نہیں کرتے، 13 ماہ ہوگئے لوگ کہتے ہیں کہاں ہے نیا پاکستان، تبدیلی آہستہ آہستہ آئے گی جب ذہن بدلیں گے، مدینہ کی ریاست ایک دن میں نہیں بن گئی تھی۔

دوسری جانب مسلم لیگ(ن) کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے بجائے لنگرخانے کھول رہی ہے، چین نے صنعتیں لگا کر ملک کو غربت سے نکالا۔مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگ زیب نے مریم نواز کی پیشی کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت روزگار کے مواقع فراہم کرنے کی بجائے لنگر خانے کھول رہی ہے۔

عمران خان چین اور ترکی کی ترقی کی مثالیں دیتے ہیں۔ چین نے عوام کو صنعت کے ذریعے غربت سے نکالا۔ مریم اورنگ زیب کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے ملک میں صنعت کو فروغ دیا جس سے روزگار ملا سی پیک لے کر آئے۔ ہمارے دور میں ترقی کی شرح چھ فیصد پر پہنچی جبکہ ملک میں سڑکوں کا جال بچھایا اور گیارہ ہزار میگا واٹ بجلی کا اضافہ کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات