Live Updates

پاکستان تحریک انصاف کے زیراہتمام پارٹی آفس میں کشمیر اور فنکار کے موضوع پر تقریب کا اہتمام

ہفتہ 12 اکتوبر 2019 23:10

لاہور۔12 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے زیراہتمام پارٹی آفس میں کشمیر اورفنکار کے موضوع پر تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کے مہمان خصوصی سینئر مرکزی رہنماء اعجازاحمدچوہدری تھے۔ تقریب میں معروف ہدایت کارعثمان پیرزادہ، راشد محمود، نامور قوال شیرمیاں داد، جاویدرضا، حمیرا ارشد، میگھا، نغمانہ جعفری، طارق طافو، انور رفیع، ملکو،عذراآفتاب، وائس چیئرمین وزیراعلیٰ پنجاب شکایت سیل ناصر سلمان کی خصوصی شرکت کی۔

پی ٹی آئی کے سینئر مرکزی رہنماء اعجازاحمدچوہدری اورناصر سلمان نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان کی فنکار برادری بھی کشمیری عوام سے بھرپور اظہار یکجہتی کررہی ہے،کشمیر کی آزادی تک پاکستانی قوم مظلوم کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑی رہے گی ، کشمیر کی آزاد ی تک پاکستان نامکمل ہے ، وزیراعظم عمران خان کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب تاریخی تھا، انہوںنے کشمیر کے سفیر ہونے کا عملی ثبوت دیا ہے جسے ہر سطح پر سراہا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان عالمی سطح پر مسلم امہ کے لیڈر بن کر ابھرے ہیں، عالمی برادری میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں موجود ہ حکومت نے مثالی کردار ادا کیا ہے۔ عثمان پیر زادہ ،راشد محمود ، شیر میانداد ، جاوید رضا، نغمانہ جعفری ، میگھا، حمیرا ارشد، طارق طافو سمیت دیگر فنکاروں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، ہم اپنے وزیراعظم عمران خان کی اقوام متحدہ میں کی گئی تاریخی تقریر کا خیر مقدم کرتے ہیں، عمران خان بہادر اورنڈر لیڈر ثابت ہوئے ہیں، پاکستان کی پوری فنکار برادری مظلوم کشمیری بہن بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ضرورت پڑی تو کسی قربانی سے دریغ نہیں کریںگے، ہمارے دل کشمیری عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں، انشاء اللہ کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہدا ور قربانیاں رائیگاں نہیں جائیںگی، بھارت کشمیر سے ذلیل و رسوا ہو کر نکلے گا ۔

انہوں نے مزید کہاکہ بھارت نے کشمیریوں کو اپنے گھروں میں قید کررکھا ہے ، انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیری جا رہی ہیں عالمی برادری اپنی بے حسی کو ختم کرے اور مظلوم کشمیریوں پر ڈھائے جانے والوں مظالم کو فوری رکوائے ،اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حق خود ارادیت دیا جائے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات