سپیکر میر عبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت بلوچستان اسمبلی کا اجلاس‘ پانچ مسودہ قانون منظور کرلئے گئے

ہفتہ 12 اکتوبر 2019 23:32

سپیکر میر عبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت بلوچستان اسمبلی کا اجلاس‘ پانچ ..
کوئٹہ ۔12 اکتو بر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2019ء) سپیکر بلوچستان اسمبلی میر عبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت شروع ہونے والے بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں حکومتی رکن بشریٰ رند نے بلوچستان ہاؤسنگ و شہری منصوبہ بندی کا مسودہ قانون نمبر18مصدرہ2019 پیش کیا جسے ایوان کی رائے کے بعد سپیکر نے متعلقہ قائم کمیٹی کے سپرد کرنے کی رولنگ دی۔

ہفتہ کے روز اجلاس میں بلوچستان اسمبلی میں پانچ مسودہ قانون منظور کرلئے گئے۔ بلوچستان ہاؤسنگ وشہری منصوبہ بندی کا مسودہ قانون قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا گیا‘ امن و امان کے حوالے سے تحریک التوا پر بحث کورم پورا نہ ہونے کی وجہ سے مکمل نہ ہوسکی۔ اپوزیشن کے رکن اسمبلی نے بدامنی کے واقعات کی تحقیقات کیلئے پارلیمانی اراکین پر مشتمل فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کے قیام کامطالبہ کیا جبکہ حکومتی رکن نے امن وامان کی صورتحال کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ماضی کی نسبت بلوچستان میں ہونے والے بدامنی کے واقعات میں 99 فیصد کمی آئی ہے ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں صوبائی وزیر سماجی بہبود میر اسد بلوچ نے بلوچستان فلاحی و عطیاتی اداروں و تنظیم کی رجسٹریشن‘ریگولیشن اور معاونت کا مسودہ قانون نمبر15مصدرہ2019ایوان میں پیش کیا جس کی ایوان نے متفقہ طور پر منظور ی دے دی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر صحت میر نصیب اللہ مری نے بلوچستان اعصابی صحت کا مسودہ قانون نمبر4مصدرہ2019ایوان میں پیش کیا جس کی ایوان نے متفقہ طور پر منظوری دے دی۔

اجلاس میں صوبائی مشیر تعلیم محمد خان لہڑی نے بلوچستان ایجوکیشن فاؤنڈیشن کا ترمیمی مسودہ قانون نمبر5مصدرہ2019پیش کیا جس کی ایوان نے متفقہ طو رپر منظوری دے دی۔ صوبائی مشیر تعلیم محمد خان لہڑی نے بلوچستان کے نجی تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن ریگولیشن و فروغ کا مسودہ قانون نمبر6مصدرہ2019ایوان میں پیش کیا جس کی ایوان نے متفقہ طور پر منظوری دے دی۔ اجلاس میں صوبائی مشیر تعلیم محمد خان لہڑی نے بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈر ایجوکیشن کا مسودہ قانون نمبر7مصدرہ 2019پیش کیا جس کی ایوان نے متفقہ طور پر منظوری دے دی۔بعد ازاں بلوچستان اسمبلی کا اجلاس15 اکتوبر منگل کے روز کی سہ پہر تین بجے تک ملتوی کردیاگیا۔