علی ظفر کا بلوچی زبان میں 12سالہ لڑکی کے ساتھ گانا ہٹ ہو گیا

کم عمر مداح کی خواہش پوری کرنے پر سوشل میڈیا صارفین نے گلوکار کی خوب تعریف کی

Sajjad Qadir سجاد قادر اتوار 13 اکتوبر 2019 05:52

علی ظفر کا بلوچی زبان میں 12سالہ لڑکی کے ساتھ گانا ہٹ ہو گیا
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 اکتوبر2019ء)   اداکاری اور گلوکاری دونوں میدانوں میں علی ظفر نے خوب پہچان پائی ہے اور ان کے مداحوں کی تعداد میں دن بہ دن اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے۔تاہم پرفارمنس کی شہرت کے ساتھ ساتھ میشا شفیع نے بھی ہراسمنٹ کا الزام لگا کر اور بعد میں گلوکار علی ظفر کو عدالتوں کے چکر لگوا لگوا کر جو شہرت پہنچائی ہے وہ بھی کسی طور کم نہیں۔

میشا شفیع اور علی ظفر کے کیس عدالتوں میں ہیں اور دونوں میں صلح صفائی کی فی الحال کوئی صورت نظر نہیں آتی۔تاہم گزشتہ روز سے سوشل میڈیا پر علی ظفر کی تعریفوں کے پل باندھے جا رہے ہیں ا سکی وجہ یہ نہیں کہ انہوں نے میشا شفیع کے خلاف کیس جیت لیا ہے بلکہ انہوں نے اپنی ایک 12سالہ مداح کے ساتھ بلوچی زبان میں گانا گایا ہے جس پر سوشل میڈیا صارفین ان کی تعریف کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

گلوکار علی ظفر نے اپنی 12 سالہ مداح عروج فاطمہ کے ساتھ گانا ’لیلا او لیلا‘ ریلیز کر دیا۔

صوبہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والی  12 سالہ گلوکارہ عروج فاطمہ نے خواہش کا اظہار کیا تھا کہ وہ علی ظفر کے ساتھ گلوکاری کرنا چاہتی ہیں۔علی ظفر نے اپنی مداح کی خواہش کا خیر مقدم کرتے ہوئے ان کے ساتھ میوزک ویڈیو بنانے کا اعلان کیا تھا اور اب انہوں نے بلوچی زبان میں گانا ریلیز کرکے ننھی گلوکارہ کی خواہش پوری کردی ہے۔

علی ظفر نے سوشل میڈیا سائٹ توٹر پر لکھاکہ آج نوجوان گلوکارہ ڈیبیو کرنے جا رہی ہے۔12 سالہ عروج کا تعلق خوبصورت خطے بلوچستان سے ہے۔پاکستانی راک اسٹار علی ظفرکا کہنا تھا کہ اس ویڈیو کو دیکھ کر آپ جان جائیں گے کہ خواہ لڑکا ہو یا لڑکی آپ کو اپنے دل اور خوابوں کی بات کیوں ماننی چاہیے۔ننھی گلوکارہ عروج فاطمہ نے ٹوئٹر پر علی ظفر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ علی ظفر کے ساتھ پہلا بلوچی گانا گانا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔میوزک ویڈیو میں عروج کی گلوکاری کے ساتھ ساتھ بلوچستان کے خوبصورت مناظربھی دکھائے گئے ہیں۔یوٹیوب پر بلوچی زبان میں ’لیلا او لیلا‘ گانے کو بہت زیادہ پذیرائی ملی رہی ہے اور بڑی تعداد میں مداح اپنی پسندیدگی کا اظہار کر رہے ہیں۔