سمندری طوفان نے جاپان میں تباہی مچا دی

متعد گھر تباہ اور درجنوں افراد لاپتا ہو گئے

Sajjad Qadir سجاد قادر اتوار 13 اکتوبر 2019 06:20

سمندری طوفان نے جاپان میں تباہی مچا دی
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 اکتوبر2019ء)   دنیا بھر میں آفات و بلیات آتی رہتی ہیں جو کہ قدرت الہٰی کانظام ہے۔دنیا کے اکثر ممالک میں زلزلے اور طوفان وقتاً فوقتاً آتے رہتے ہیں۔کچھ دن قبل پاکستان میں بھی زلزلے نے تباہی مچا دی تھی جس میں مالی نقصان تو بہت زیادہ ہوا تھا تاہم جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔اب جاپان میں طوفان نے تباہی مچا دی ہے جس میں تیز ہوائیں چلنے کی وجہ سے سیلابی صور ت حال پیدا ہو گئی ہے۔

سمندری طوفان ہیگی نے جاپان میں تباہی مچادی جس کے نتیجے میں کئی شہروں میں سیلابی صورت حال پیدا ہوگئی۔بجلی اور مواصلات کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ جاپان میں سمندری طوفان ہیگی ساحلی علاقوں سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا اور متعدد لاپتا ہوگئے۔

(جاری ہے)

طوفان کی وجہ سے متعدد پروازیں منسوخ کر دی گئیں، 10 ہزار سے زائد صارفین کو بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی ہے۔

جاپان میٹرولوجیکل ایجنسی نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ طوفان کے باعث 180 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہوائیں مزید لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کا سبب بن سکتی ہیں۔حکام نے خطرات کے پیش نظر علاقوں میں احتیاطی ہدایت جاری کردی ہیں جبکہ طوفان کے ٹکرانے سے قبل ہی شہریوں کی جانب سے اشیائے خوردونوش ذخیرہ کرلی گئی تھیں جس کے سبب مارکیٹوں میں سامان کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق مشرقی ٹوکیو میں سیلابی صورت حال سے گھروں کو شدید نقصان پہنچا ہے اور ایک گھر کار پر آگرا جس میں موجود شخص ہلاک ہوگیا۔میٹرولوجیکل ایجنسی کی جانب سے کہا جارہا ہے کہ یہ طوفان 1985 میں جاپان میں آنے والے طوفان سے بھی زیادہ طاقتور ہوسکتا ہے جس کے نتیجے میں 1200 سے زائد افراد ہلاک یا لاپتا ہوگئے تھے۔تاہم ابھی اس طوفان نے ایسی صورت حال پیدا نہیں کی کہ گھروں کے گھر اپنے ساتھ بہا کر لے جائے مگر محکمے کے مطابق طوفان میں جو شدت نظر آ رہی ہے اس کے نتیجے میں بھاری جانی و مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔