Live Updates

ایران اور سعودی عرب کی کشیدگی ختم کروانے کے لیے وزیر اعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر ایران روانہ

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اورمعاون خصوصی زلفی بخاری بھی وزیراعظم کے ہمراہ، وزیر اعظم کی دورہ ایران کے دوران ایرانی صدر حسن روحانی اور رہبر اعلیٰ آیت اللہ خامنائی سے ملاقاتیں طے

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 13 اکتوبر 2019 11:27

ایران اور سعودی عرب کی کشیدگی ختم کروانے کے لیے وزیر اعظم عمران خان ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار.13اکتوبر 2019ء) ایران اور سعودی عرب کی کشیدگی ختم کروانے کے لیے وزیر اعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر ایران روانہ ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق یہایک روزہ دورہ ایران سعودی عرب کشیدگی کے تناظر میں کیا جارہا ہے۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اورمعاون خصوصی زلفی بخاری بھی وزیراعظم کے ہمراہ، وزیر اعظم کی دورہ ایران کے دوران ایرانی صدر حسن روحانی اور رہبر اعلیٰ آیت اللہ خامنائی سے ملاقاتیں کریں گے اور ایرانی قیادت سے خطے میں امن و سلامتی کے امور پر بات چیت کریں گے۔

دوسری جانب چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی تین روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے ہیں اور وزیراعظم عمران خان بھی ایران کے دورے کے بعد سعودی عرب جائیں گے ، ڈی جی آئی ایس آئی ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور معاون خصوصی زلفی بخاری بھی وزیر اعظم کے ساتھ ہونگے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان ایران سعودیہ کشیدگی کم کرانے کے تناظر میں سہولت کار کا کردار ادا کررہے ہیں۔

گزشتہ روز وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ ہم سعودی عرب اور ایران کے درمیان کوئی ثالث ہونے کا دعویٰ نہیں کررہے، ہم سہولت کار کا کردار ادا کررہے ہیں کہ دو برادر ملکوں میں جو غلط فہمیاں ہیں ان کو کیسے دور کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سعودی عرب اور ایران میں غلط فہمی دور کرنے کیلئے ضرور کردار ادا کرے گا ، یہ خطہ اب کسی اور چپلقش کا متحمل نہیں ہوسکتا، ہم افغانستان کی چپقلش کو کیفر کردار تک پہنچانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ ہمارا پہلا مقصد یہ ہے کہ ہم جنگ کی طرف نہ جائیں اور معاملات کو مذاکرات سے حل کریں۔ وزیرِخارجہ نے کہا کہ جنگ مسائل کاحل نہیں ہے ، جنگ سے امہ کا نقصان ہوگا اور پاکستان پر بھی اس کا اثر پڑے گا ،عالمی معیشت بھی متاثرہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نیک نیتی سے جارہے ہیں اور نشستیں ہونگی ، ماضی میں پاکستان نے ایسی کوئی خاص کوشش نہیں کی ، اس لئے اس پر کوئی زیادہ پیش رفت نہیں ہوسکی ۔ ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ یہ ہے کہ مختلف ممالک کی مختلف خواہشات ہیں اور اعتماد کا فقدان ہے لیکن پاکستان اس معاملے میں اپنا کردار ادا کرسکتا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات