Live Updates

شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کیلئے تین رکنی وفد تشکیل دے دیا

وفد میں انجینئر امیرمقام اور مریم اورنگزیب شامل، وفد کی قیادت احسن اقبال کریں گے

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 13 اکتوبر 2019 11:53

شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کیلئے تین رکنی وفد تشکیل ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 اکتوبر2019ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کیلئے تین رکنی وفد تشکیل دے دیا ہے۔ وفد کی قیادت پارٹی کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال کریں گے۔ وفد میں انجینئر امیرمقام اور مریم اورنگزیب بھی شامل ہوں گے۔ وفدمولانا فضل الرحمان سے آج اتوار کو رات 8 بجے پشاور میں ملاقات کریگا ۔

وفد قائد نواز شریف کے خط کی روشنی میں پارٹی کے آزادی مارچ میں شرکت سے متعلق حکمت عملی سے آگاہ کرے گا۔گزشتہ روز مسلم لیگ ن کے صدر محمد شہباز شریف اور جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا تھا جس میں سیاسی صورتحال اورآزادی مارچ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے مسلم لیگ ن کے صدر محمد شہباز شریف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا تھا۔

مولانا فضل الرحمان نے آزادی مارچ کی حمایت پر صدرن لیگ شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا ۔ شہبازشریف نے مولانا فضل الرحمان کو پارٹی قائد نوازشریف کا پیغام بھی پہنچایا کہ نوازشریف نے آزادی مارچ کی مکمل حمایت کی ہدایت کی ہے۔ جس پر ن لیگ کے کارکنان آزادی مارچ میں بھرپورشرکت کریں گے۔ دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان مذاکرات کی بات کرتے ہیں، مذاکرات صرف عمران خان کے استعفے یا نئے انتخابات پر ہو سکتے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہاکہ حکومت چند غلط معلومات کے ذریعے یہ تاثر دے رہی ہے کہ ن لیگ تقسیم ہو گئی ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ گلگت سے گودار اور نارووال سے کراچی تک ن لیگ نواز شریف کی قیادت میں متحد ہے۔وزیراعظم کی جانب سے اپوزیشن سے مذاکرات کی بات پر احسن اقبال نے کہا کہ عمران مذاکرات کی بات کرتے ہیں، مذاکرات صرف عمران خان کا استعفیٰ یا نئے انتخابات ہیں۔آج شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کیلئے تین رکنی وفد تشکیل دے دیا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات