سعودی عرب مزید فوجی تعینات کرنے کی قیمت ادا کرے گا: ڈونلڈ ٹرمپ

آرامکو کی آئل پائپ لائن پر حملے کے بعد اضافی 3 ہزار فوجی اہلکار تعینات کیے جائیں گے، تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرات سے نمٹا جاسکے، سعودی عرب نے ہر چیز کی ادائیگی پر اتفاق کیا ہے: امریکی صدر کی وائٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 13 اکتوبر 2019 15:15

سعودی عرب مزید فوجی تعینات کرنے کی قیمت ادا کرے گا: ڈونلڈ ٹرمپ
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 13 اکتوبر2019ء) امرکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ سعودی عرب مزید فوجی تعینات کرنے کی قیمت ادا کرے گا۔ انہوں نے بتایا ہے کہ آرامکو کی آئل پائپ لائن پر حملے کے بعد اضافی 3 ہزار فوجی اہلکار تعینات کیے جائیں گے، تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرات سے نمٹا جاسکے، سعودی عرب نے ہر چیز کی ادائیگی پر اتفاق کیا ہے۔ امریکی صدر نے صحافیوں سے وائٹ ہاؤس کے باہر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکا سعودی عرب کی مدد کے لیے مشرق وسطیٰ میں فوجی و دیگر سازو سامان روانہ کررہا ہے۔

خیال رہے کہ امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے سعودی عرب کے دفاع کو بڑھانے کے لیے ہزاروں اضافی فوجیوں کی تعیناتی کا اعلان کیا تھا۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر کا کہنا ہے کہ انھوں نے سعودی عرب میں لڑاکا طیارے اور دفاعی نظام سمیت اضافی افواج تعینات کرنے کی منظوری دی ہے۔

(جاری ہے)

انکا کہنا ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اضافی مدد کی درخواست کی تھی۔

امریکہ کا یہ اقدام گذشتہ ماہ ستمبر میں سعودی عرب کی تیل تنصیبات پر حملے کے بعد سامنے آیا ہے۔سی این این کے مطابق امریکہ نے مئی سے خطے میں 14ہزار فوجیوں کا اضافہ کیا ہے۔ امریکی افواج کی تعداد میں اضافے کا فیصلہ گزشتہ ماہ سعودی عرب کی آئل تنصیبات پر ہونے والے میزائل حملوں کے بعد کیا گیا ہے۔ امریکی محکمہ دفاع کے مطابق امریکہ کی جانب سے سعودی عرب میں دو اضافی فائٹر اسکواڈرن، ایک ائیر ونگ اور ائیر ڈیفنس اہلکاروں کو تعینات کیا جارہا ہے۔

امریکی وزیر دفاع مارک ٹی ایسپر نے پریس کانفرنس کے دوران اس بات کی تصدیق کی کہ مئی سے خطے میں جاری کشیدگی کے پیش نظر امریکہ نے سعودی عرب میں اضافی 3 ہزار امریکی فوجیوں اور دو ٹرمینل ہائی الٹیٹیوڈ ایریا ڈیفنس سسٹم (تھاڈ) بیٹریز بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس طرح سعودی عرب میں تعینات کیے جانے والے امریکی فوجیوں کی مجموعی تعداد 14 ہزار کے قریب ہوجائے گی۔رائٹرز کے مطابق آئندہ چند ہفتوں میں امریکی فوجی دستوں کی سعودی عرب روانگی کا عمل شروع ہوجائے گا۔