لاہور ایئرپورٹ پر مسافر کی قیمتی بلی غائب

شہری نے وزیر اعظم سٹیزن پورٹل پر بلی کے گم ہونے کی شکایت درج کروا دی

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 13 اکتوبر 2019 17:06

لاہور ایئرپورٹ پر مسافر کی قیمتی بلی غائب
لاہور (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13اکتوبر2019ء) لاہور ایئرپورٹ پر مسافر کی قیمتی بلی غائب ہو گئی۔ شہری نے وزیر اعظم سٹیزن پورٹل پر بلی کے گم ہونے کی شکایت درج کروا دی۔ ذرائع کے مطابق لاہور ایئرپورٹ پر بلی غائب ہونے کی شکایت پر سیٹزن پورٹل نے لاہور ائیر پورٹ مینجر کو واقعے کی تحقیقات کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوری طور پر مسافر کی بلی ڈھونڈ کر شہری کے حوالے کی جائے۔

بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب سے آنے والے مسافر نے اپنی بلی چوری ہونے پر وزیر اعظم سٹیزن پورٹل پر شکایت کی تھی، مسافر سعودی عرب سے 3 لاکھ روپے مالیت کی دو بلیاں لایا تھا، اس کا الزام ہے کہ لاہور ائیرپورٹ پہنچنے پر عملے نے مبینہ طور پر پنجرہ توڑ کر ایک بلی غائب کر دی ہے۔ اس حوالے سے مزید بتایا گیا ہے کہ مسافر نے پہلے ائیر پورٹ حکام سے بلی غائب ہونے کی شکایت کی تھی لیکن شنوائی نہ ہونے پر اس نے سیٹزن پورٹل سے رجوع کر لیا جس پر سیٹزن پورٹل نے لاہور ائیر پورٹ مینجر کو فوری مسافر کی بلی ڈھونڈنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

(جاری ہے)

مسافر نے بتایا کہ وہ سعودی عرب سے سفید اور سیاہ رنگ کی دو قیمتی بلیاں لایا تھا جن کی مالیت تین لاکھ روپے تھی۔ خیال رہے کہ دو دن قبل ملتان کے انٹر نیشنل ایئر پورٹ سے 2 جیب کتروں کو گرفتار کیا گیا تھا، جو بیرون ملک سے آنے والوں کی جیبوں کا صفایا کرتے تھے، اے ایس ایف حکام نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔ اب لاہور ائیرپورٹ پر مسافر کی قیمتی بلی گم ہونے کا واقع پیش آیا ہے۔ دوسری جانب پشاور ائیرپورٹ کے گرد صفائی کے ناقص انتظامات کی وجہ سے ایک ہفتے کے دوران جہاز سے پرندہ ٹکرانے کا چھٹا واقعہ پیش آیا ہے۔ آج صبح شارجہ سے پشاور آنے والی فلائٹ سے پرندہ ٹکرا گیا جس کے بعد پائلٹ نے جہاز بحفاظت ائیرپورٹ پر اتار لیا تاہم جہاز کو کافی نقصان پہنچا۔