ن لیگ دھرنے کے حق میں نہیں، رانا تنویر حسین

ن لیگ آزادی مارچ میں پوری طاقت سے شرکت کرے گی، اگر مولانا فضل الرحمان نے دھرنا دیا تو دھرنے میں شامل ہونے کا فیصلہ 2 روز میں کیا جائے گا۔ مرکزی رہنماء ن لیگ کی میڈیا سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 13 اکتوبر 2019 18:45

ن لیگ دھرنے کے حق میں نہیں، رانا تنویر حسین
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13 اکتوبر2019ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ ن لیگ دھرنے کے حق میں نہیں،ن لیگ آزادی مارچ میں پوری طاقت سے شرکت کرے گی،۔ اگر مولانا فضل الرحمان نے دھرنا دیا تو دھرنے میں شامل ہونے کا فیصلہ 2 روز میں کیا جائے گا۔انہوں نے آج یہاں میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ نوازشریف کے خط کے مطابق پارٹی اجلاس میں آئندہ کے لائحہ عمل پر فیصلہ کیا جائے گا۔

موجودہ حکومت نے معیشت تباہ کردی ہے۔ن لیگ آزادی مارچ میں پوری طاقت سے شرکت کرے گی۔پارٹی میں کوئی اختلاف نہیں۔پارٹی میں میاں نوازشریف کے فیصلے ہی چلتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے جیل سے لکھے خط میں بہت سی ہدایات کی ہیں۔ن لیگ دھرنے کے حق میں نہیں ہے۔

(جاری ہے)

اگر مولانا فضل الرحمان نے آزادی مارچ کے دوران دھرنا دیا تو دھرنے میں شامل ہونے کا فیصلہ 2 روز میں کیا جائے گا۔

صدر ن لیگ لاہورپرویز ملک نے کہا کہ جعلی حکومت کا دھڑن تختہ ہونے والا ہے۔حکومت کسی بھی صورت طاقت استعمال کرنے کی حماقت نہ کرے۔ خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ دھرنوں کی روایت شروع کرنے والے آج مخالفت کررہے ہیں۔ واضح رہے مسلم لیگ(ن) کے صدر قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کیلئے تین رکنی وفد تشکیل دے دیا۔ وفد کی قیادت پارٹی سیکرٹری جنرل احسن اقبال کریں گے۔

وفد میں انجینئر امیرمقام اور مریم اورنگزیب بھی شامل ہوں گے۔ وفد مولانا فضل الرحمان سے آج اتوار کو رات 8 بجے پشاور میں ملاقات کریگا ۔وفد قائد نواز شریف کے خط کی روشنی میں پارٹی کے آزادی مارچ میں شرکت سے متعلق حکمت عملی سے آگاہ کرے گا۔ مزید برآں جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پشاور میں جے یو آئی کے سکیورٹی رضاروں سے خطاب کے دوران مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ آئین و قانون کا ساتھ دیا ہے اور آج بھی آئین کے ساتھ کھڑے ہیں، ملک کے تمام ادارے اگر آئین کی پاسداری کریں گے تو پھر کوئی جھگڑا نہیں ہوگا، ہمارے مینڈیٹ پر جو ڈاکا ڈالے گا اس کے خلاف جدوجہد کریں گے۔

کچھ لوگ ہمیں دھمکیاں دے رہے ہیں، ہم پر امن لوگ ہیں ہمیں نہ چھیڑا جائے، اگر ہمیں چھیڑا گیا تو پھر آپ گھروں میں بھی محفوظ نہیں رہیں گے۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آج ملک کی معیشت ڈوب رہی ہے، تبدیلی والوں نے ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن 20 لاکھ بے روزگار کردیئے۔ یہ پہلے مرغیاں پھر بھینسیں اور اب لنگر خانے سے ملک کی معیشت ٹھیک کررہے ہیں۔

ہمیں اپنے ملک اور ملک کی معیشت کو بچانا ہے۔سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ 27 اکتوبر کو دنیا بھر میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا جاتا ہے۔ ہم بھی 27 اکتوبر کو کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کریں گے، کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے بعد قافلے پھر اسلام آباد روانہ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے زندگی میں اتنا بے توقیر وزیراعظم نہیں دیکھا، آج ہمارا جعلی وزیراعظم جس ملک جاتا ہے کوئی استقبال کرنے نہیں آتا۔