Live Updates

مولانا فضل الرحمان دھرنے سے ملک میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں، نصرت واحد

جے یو آئی (ف) کے سربراہ اپنے سیاسی مقصد کیلئے مدارس کے طلباء کو استعمال کرنا چاہتے ہیں، رکن قومی اسمبلی

اتوار 13 اکتوبر 2019 19:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی نصرت واحد نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان دھرنے کے ذریعے ملک میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں۔ مدارس میں اصلاحات علماء کرام کے اعتماد سے لے کر آئیں گے۔ دھرنے اور آزادی مارچ کا کوئی جواز نہیں ہے۔ جو یو آئی (ف) کے سربراہ مدارس کے طلباء کو اپنے سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنا چاہتے ہیں۔

حکومت اپنی 5 سالہ مدت پوری کرے گی۔ عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہی ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں مسئلہ کشمیر کے معاملات میں قوم فکر مند ہے۔ مولانا فضل الرحمان بیرونی اشاروں پر افراتفری پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ ہم کسی کے بھی دبائو میں نہیں آئیں گے۔ ملک کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں لانے کیلئے تمام تر اقدامات کیے جائیں گے۔ نصرت واحد نے مزید کہا کہ سی پیک کے منصوبوں کی تکمیل کیلئے ترقیاتی کاموں میں تیزی لے کر آئیں گے۔ سی پیک سے بیروزگاری کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ نصرت واحد نے مزید کہا کہ نوازشریف اور آصف علی زرداری اندرون خانہ مولانا فضل الرحمان کو مکمل سپورٹ کررہے ہیں۔ حکومت اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے کسی بھی دبائو میں نہیں آئے گی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات