Live Updates

مولانا فضل الرحمن کا جمہوریت سے کوئی لینا دینا نہیں، ہر وقت حلوے کی فکر رہتی ہے، فردوس عاشق اعوان

عوام کو گمراہ کرنے میں مصروف ٹولے کو ناکامی کا منہ دیکھنا ہوگا، دو خاندان اپنی سیاہ کاریوں کی وجہ سے جیلوں میں ہے،نواز شریف کے خط کو ان کا بھائی ماننے کو تیار نہیں،وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لیے حکومت پرعزم ہیں، پاک چین اقتصادی راہداری منصوبوں سے روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے،عمران خان نے کشمیریوں کو حق دلانے کیلئے عالمی برادری کا ضمیر جھنجھوڑا ہے، معاون خصوصی کی میڈیا سے گفتگو

اتوار 13 اکتوبر 2019 19:40

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2019ء) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ مولانا فضل الرحمن کا جمہوریت سے کوئی لینا دینا نہیں، انہیں ملک کی نہیں ہر وقت حلوے کی فکر رہتی ہے،عوام کو گمراہ کرنے میں مصروف ٹولے کو ناکامی کا منہ دیکھنا ہوگا، دو خاندان اپنی سیاہ کاریوں کی وجہ سے جیلوں میں ہے،نواز شریف کے خط کو ان کا بھائی ماننے کو تیار نہیں،وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لیے حکومت پرعزم ہیں، پاک چین اقتصادی راہداری منصوبوں سے روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے،عمران خان نے کشمیریوں کو حق دلانے کیلئے عالمی برادری کا ضمیر جھنجھوڑا ہے۔

اتوار کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ عوام کو گمراہ کرنے میں مصروف ٹولے کو ناکامی کا منہ دیکھنا ہوگا، مولانا کا اسلام سے تعلق ہے اور نہ ہی سیاست سے انہیں بس حلوے کی کشش کھینچتی ہے اور جدھر سے خوشبو آتی ہے وہ اس طرف منہ موڑ لیتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ مہنگائی کے ذمہ دار سابق حکمران بے بنیاد پروپیگنڈا کر رہے ہیں،ماضی کے حکمرانوں نے ملکی خزانے کو لوٹنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا اور مولانا صاحب بدعنوان عناصر کی خاطرمذہب کا کارڈ استعمال کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لیے حکومت پرعزم ہیں، آسان کاروباری مواقع کی فراہمی عمران خان کاوژن ہے اور عوام آج بھی عمران خان کو اپنا نجات دہندہ سمجھتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبوں سے روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ دو خاندان اپنی سیاہ کاریوں کی وجہ سے جیلوں میں ہے اور یہ قوم کے بچوں کو اپنی سیاسی ہوس کا ایندھن بنانا چاہتے ہیں۔

میرا ان کے لیے پیغام ہے کہ عوام نے آپ کی نسل در نسل غلامی سے نجات حاصل کرنے کے لیے عمران خان کو ووٹ دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ نواز شریف کے خط کو ان کا بھائی ماننے کو تیار نہیں۔ ڈھلم غازی میں سوئی گیس فراہمی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں عوام تک سہولیات کی فراہمی کے لئے پرعزم ہیں، غریبوں نے غلامی کی زنجیروں کو توڑ کر عمران خان کو ووٹ دئیے ہیں، اس علاقے کے لوگ ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آسان کاروباری مواقع کی فراہمی وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے انہوںنے کہاکہ۔ سی پیک منصوبے کے تحت اکنامک زونز بن رہے ہیں، صنعت کا پہیہ چلے گا تو روزگار کے مواقع فراہم ہونگے اور بے روزگاری ختم کرنے میں مدد ملے گی۔ معاون خصوصی نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کے ذمہ دار سابق حکمران بے بنیاد پروپیگنڈہ کر رہے ہیں، ان لوگوں نے اپنی عیاشیوں کے لئے ملک کو قرضوں میں ڈبویا، انہوں نے ایون فیلڈ سمیت اپنے بچوں کی خوشیوں کے لئے قوم کے بچوں کی خوشیوں کو قربان کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملک کے نوجوان طبقے کی فلاح کیلئے سرگرم عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان دنیا کے مقبول ترین رہنما ہیں، وزیراعظم کا مسلم امہ کیلئے کردار بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین مسئلہ کشمیر اور آزاد کشمیر میرپور میں زلزلہ کے موقع پر گونگے بہرے بن گئے، انہوں نے مظلوم کشمیریوں کے حق میں آواز نہیں اٹھائی، وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں کا وکیل،ْ سفیر اور ترجمان بن کر مظلوم کشمیریوں کو حق دلانے کے لئے عالمی ضمیر کو جھنجھوڑا۔

فردوس عاشق نے کہا کہ چوروں اور لٹیروں کو وزیراعظم عمران خان ان کی اصل جگہ پر پہنچائیں گے، ان میں سے کچھ تو پہنچ چکے ہیں ، باقی بھی اصل جگہ پر پہنچ جائیں گے۔ وزیراعظم عمران خان ان سے لوٹا ہوا پیسہ بازیاب کرائیں گے اور قوم کی ترقی پر خرچ کریں گے۔ اس سے بجلی، گیس، پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے میں مدد ملے گی اور وزیراعظم کی زیرقیادت ترقی یافتہ اور روشن پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہو گا۔انہوں نے کہا کہ غریبوں اور پسے ہوئے طبقات کا واحد سہارا وزیراعظم عمران خان ہیں باقی مداری اور قوم کو چونا لگانے والے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات