ّراولپنڈی،تھانہ کہوٹہ کے علاقہ میں رہزنی کی واردات،سڑک بند کرنے پر سی پی او کا سخت نوٹس

اتوار 13 اکتوبر 2019 19:45

ٓ راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اکتوبر2019ء) تھانہ کہوٹہ کے علاقہ میں رہزنی کی واردات اور اس کے بعد سڑک بند کرنے پر سی پی او نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ایس پی کو موقع پر بھجوا کر سڑک کلیئر کروائی جبکہ سر عام وارادت اور سڑک بند کرنے پر ایس ایچ او کو شوکاز جبکہ ناقص سپرویژن پر ایس ڈی پی او کووضاحتی نوٹس جاری کر دیا اورپیر تک واردات کے ملزمان گرفتار کرنے کا حکم بھی دے دیااطلاعات کے مطابق پنجاب آزاد کشمیر سرحد روڈ پتن پر رہزنی کی واردات کے دوران ڈرائیورز سے ملزمان نے نقدی وغیرہ چھین لی،جس کے بعد متاثرین نے سڑک بند کر دی،اطلاع ملنے پر سٹی پولیس آفیسر ڈی آئی جی محمد فیصل رانا نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ایس پی صدر رائے مظہر اقبال کو موقع پر بھجوایا ،جنہوں نے موقع پر پہنچ کر سڑک کو کلیئر کروا کر معمول کے مطابق ٹریفک رواں دواں کروائی ،سی پی او فیصل رانا نے وقوعہ اور اس کے بعد سڑک بلاک ہونے کے واقعہ پر ایس ایچ او تھانہ کہوٹہ کو شوکاز نوٹس جبکہ ناقص سپرویژن پر ایس ڈی پی او کو ناقص سپرویژن پر وضاحتی نوٹس جاری کر دیا ،سی پی او نے ایس پی صدر کو ہدایت کی کہ اگلی24گھنٹوں میں وارادت کے ملزمان گرفتار ہونے چاہییں،چونکہ یہ واردات آزادکشمیر پنجاب سرحد پر ہوئی ہے لہٰذا آزاد کشمیر کے قریبی اضلاع میں اس نوعیت کی وارداتیں کرنے والوں کا ریکارڈ منگوا کر ملزمان کی شناخت کی جائے جبکہ قریب لگے ہوئے سی سی ٹی وی کیمروں سے بھی فوٹیج لے کر اس سے بھی ملزمان کی شناخت کی جائے،سی پی اونے کہا کہ آج پیر کو اس واردات کے حوالے سے خود میٹنگ لوں گا ،اس وقت تک واردات ٹریس ہو کر ملزمان کو گرفتار ہو جانا چاہیے،سی پی او نے کہا کہ وقوعہ کے بعد سڑک کابند ہونا پولیس کی غفلت شمار ہوتی ہے لہٰذا میٹنگ میں اس بات کا جائزہ بھی لیا جائے گاپولیس بروقت کیوں نہیں جائے وقوعہ پر پہنچی ،اگر پہنچی تو روڈ بند کیوں ہوئی ،ان تمام سوالات کا جواب میٹنگ میں لیا جائے گا،ذمہ دار پولیس والوں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی ہو گی،سی پی او نے کہا کہ متاثرین کی طرف سے جو بھی درخواست ملے اس پر قانون کے مطابق فوری مقدمہ درج کیا جائے۔