Live Updates

وزیراعظم عمران خان نے اتوار کو ایران کا دورہ کیا جو خلیج میں امن اور سلامتی کے فروغ کے لئے ان کے اقدامات کا ایک اہم اقدام ہے، وزیراعظم عمران خان نے ایران کے صدر حسن روحانی کے ساتھ اپنی ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے قریبی روایتی تعاون اور تاریخی تعلقات پر روشنی ڈالی‘ وزیراعظم نے بالخصوص تجارت اور اقتصادی تعاون کے فروغ سمیت مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کے مزید استحکام کے لئے اپنا عزم بھی دہرایا

اتوار 13 اکتوبر 2019 20:50

تہران ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2019ء) وزیراعظم عمران خان نے اتوار کو ایران کا دورہ کیا جو خلیج میں امن اور سلامتی کے فروغ کے لئے ان کے اقدامات کا ایک اہم اقدام ہے، وزیراعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیراعظم کے معاون برائے سمندر پار پاکستانیز سید ذوالفقار عباس بخاری اور دیگر اعلیٰ حکام بھی وفد میں شامل تھے۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ایران کے صدر حسن روحانی کے ساتھ اپنی ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے قریبی روایتی تعاون اور تاریخی تعلقات پر روشنی ڈالی۔ وزیراعظم نے بالخصوص تجارت اور اقتصادی تعاون کے فروغ سمیت مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کے مزید استحکام کے لئے اپنا عزم بھی دہرایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ گہرے تعاون پر مبنی تعلقات ہمیشہ پاکستان کی ترجیح رہے ہیں۔ وزیراعظم مقبوضہ جموں و کشمیر میں گزشتہ 68روز سے جاری مسلسل کرفیو اور 8ملین کشمیریوں کے لاک ڈائون کے حوالے سے ایران کے تعاون پر اظہار تشکر کیا۔ وزیراعظم نے صدر حسن روحانی کو بتایا کہ بھارت کی جانب سے 5اگست کے غیرقانونی اور غیرآئینی اقدام کے بعد مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال انتہائی خراب ہے جو خطے کے امن اور سلامتی کے لئے ایک بڑا خطرہ ہے۔

خطے کی صورتحال کے تناظر میں وزیراعظم عمران خان نے خلیج میں فوجی تنازعات سے بچنے اور فریقینکے مثبت مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا، وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان خطے میں تنازعات اور تنائو کو کم کرنے کی کوشش میں بھرپور تعاون فراہم کرنے کے لئے تیار ہے اور پاکستان اختلافات اور تنازعات کو سیاسی اور سفارتی ذرائع سے حل کرانے کے حوالے سے ہر طرح کا ممکنہ تعاون فراہم کرے گا۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنے دورہ کے دوران ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای سے بھی ملاقات کی۔ وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے ایران کی بھرپور حمایت پر پاکستان کے عوام کی جانب سے ایران کے سپریم لیڈر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم اور وسیع کیا جائے گا۔

انہوں نے سپریم لیڈر کو علاقائی امن اور سلامتی کے فروغ کے لئے اپنی ترجیحات اور اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے اپنے دورہ کے دوران ایران کی قیادت سے انتہائی خوشگوار ماحول میں ملاقاتیں کیں اور ایرانی قیادت نے خطے میں امن اور سلامتی کے لئے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کو سراہا۔ وزیراعظم کے دورہ ایران کے دوران ایران کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ انتہائی مثبت اور حوصلہ افزا مذاکرات ہوئے اور فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ قریبی مشاورت کا عمل جاری رہے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات