بلوچستان کے مختلف اضلاع میں ٹریفک حادثات میں دو سیکورٹی اہلکاروں سمیت سات افراد جاں بحق ، سات زخمی

اتوار 13 اکتوبر 2019 20:55

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2019ء) بلوچستان کے مختلف اضلاع میں ٹریفک حادثات میں دو سیکورٹی اہلکاروں سمیت سات افراد جاں بحق جبکہ سات افراد زخمی ہوگئے ، تفصیلات کے مطابق اتوار کو کوئٹہ چمن شاہراہ پر کوژک ٹاپ کے مقام پر تیز رفتار کار اور ٹرک کے درمیان ٹکر کے نتیجے میں گاڑی میں سوار چار افراد جاں بحق جبکہ دو افراد شدید زخمی ہوگئے ، زخمیوں کو طبی امداد کے لئے کوئٹہ منتقل کردیا گیا، دوسرا واقعہ ضلع چاغی کے علاقے اسماعیلی لانڈھی کے قریب پیش آیا جہاں زائرین کی سیکورٹی ڈیوٹی سے واپس جانے والی سیکورٹی فورسز کی گاڑی ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں دو اہلکار جاں بحق جبکہ پانچ زخمی ہوگئے ،اتوار کو مستونگ کے علاقے سونا خان میں مسافر کوچ نے راہگیر کو کچل دیا جس کے نتیجے میں وہ موقع پر جاں بحق ہوگیا، لیویز نے لاش کو متعلقہ ہسپتالوں میں منتقل کردیا جہاں ضروری کاروائی کے بعد لاشیں ورثاء کے حوالے کردی گئیں مزید کاروائی جاری ہے