اللہ نے اسلام اور مسلمانوں کی بقاء کا ایک ہی راستہ دکھایا ہے وہ جہاد فی سبیل اللہ میں ہے، حسین محنتی

اپنی فوج اور حکمرانوں سے کہوںگا کہ وہ نکل کر کشمیر کی جانب مارچ کرکے جہاد کریں، کشمیر کا مسئلہ جہاد کے بغیر ہرگز حل نہیں ہوگا زبانی باتوں اور مذاکرات کی دعوت سے مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوگا، کشمیر مارچ کے شرکاء سے خطاب

اتوار 13 اکتوبر 2019 22:55

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2019ء) امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی کہا ہے اللہ نے اسلام اور مسلمانوں کی بقاء کا ایک ہی راستہ دکھایا ہے وہ جہاد فی سبیل اللہ میں ہے، اپنی فوج اور حکمرانوں سے کہوںگا کہ وہ نکل کر کشمیر کی جانب مارچ کرکے جہاد کریں، کشمیر کا مسئلہ جہاد کے بغیر ہرگز حل نہیں ہوگا، زبانی باتوں اور مذاکرات کی دعوت سے مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوگا۔

وہ حیدرآباد میں جماعت اسلامی کے زیراہتمام "کشمیر مارچ" کے شرکاء سے خطاب کررہے تھے، محمد حسین محنتی نے کہا کہ تقریر مسئلہ کا حل نہیں ہے، ٹرمپ نے ثالثی کی بات کی مگر اب تک خاموشی ہے، مسئلہ کشمیر حل کرنے کے لیے ایک ہی راستہ ، جہاد ہے، ہمیں نظریہ پاکستان پر غیر متزلزل ایمان رکھنے والوں کا ساتھ دینا ہوگا، جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی عبدالرشید نے کہاکہ حیدرآباد شہری مبارکباد کے مستحق ہیں کہ وہ غربت‘ بھوک افلاس اور بیروز گاری کے باوجود کشمیر کے مظلوم بھائیوں کے لئے جمع ہوئے ہیں، آپ کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی، انہوںنے کہاکہ اب اقوام متحدہ کا دوہرا معیار نہیں چلے گا قرار دادوں کی منظوری کے باوجود مسئلہ کشمیر حل نہ سکا ایسی قرار دادیں نہیں چاہئیں، امیر جماعت اسلامی حیدرآباد حافظ طاہد مجید نے حیدرآباد کے لوگوں کے دل اپنے کشمیر ی بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں ان شاء اللہ آزادی کشمیر میں حیدرآباد ہر اودل دستہ کی حیثیت سے سب سے آگے ہوگا، انہوں نے کہا کہ ہمیں سراج الحق کی شکل میں نڈر اور بہادر رہنماء مل گیا ہے جو کہتا ہے کہ دشمن کی طرف سے بارڈر لائن کراس کرنے کا ہر گز انتظار نہ کیاجائے، اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم اعلیٰ محمد عامر نے کہاکہ حیدرآباد سمیت پاکستان کے لاکھوں طلبہ کشمیر کی ماؤں بہنوں کے ساتھ سید علی گیلانی اور سراج الحق کی قیادت میں کھڑے ہیں، سراج الحق اجازت دیں ہم لاکھوں طلبہ جمعیت کے پرچم تلے ایل او سی کی طرف مارچ کریں گے، انہوں نے کہا کہ یہ عجب ماجرا ہے کہ پاکستان کے عوام تو مظلوم کشمیریوں کے ساتھ ہیں مگر ہمارے حکمران اور اقتدار پر مسلط لوگ جہاد کا نام لینے سے ڈرتے اور بھارت کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کی باتیں کرتے ہیں، جماعت اسلامی یوتھ کے مرکزی صدر زبیر گوندل نے کہاکہ میں چکوٹی راولا کوٹ اور دیگر علاقوں سے ہوکر آرہا ہوں وہاں کے لوگ کہتے ہیں کہ ہمارے قائد سراج الحق حکم دیں تو ہم ایل او سی کراس کرلیں گے، جہاد کے لئے تیار ہیں، امیر جماعت اسلامی ضلع حیدر آباد انجینئر حافظ طاہر مجید نے کہاکہ امیر جماعت کنٹرول لائن کو توڑنے کا اعلان کریں ، حیدر آباد کے غیور نوجوان ہراول دستے کا کردار ادا کریں گے، پوری قوم جماعت اسلامی اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ ہے، حیدرآباد چمبرآف اسمال ٹریڈرزاینڈاسمال انڈسٹریز کے صدردولت رام لوہانہ نے تاجر برداری کی طرف سے یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ آج تاجر برداری نے کشمیر مارچ میں بھر پور شرکت کرکے ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں، بھارت نے دو ماہ سے کشمیر عوام کو قید کیا ہوا ہے ور دنیا کی طاقتوںنے مجرمانہ خاموشی اختیار کی ہوئی ہے، انہوںنے کہاکہ حیدرآباد کے عوام کشمیر کے لئے جان ومال کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

کشمیر مارچ میں جماعت اسلامی سندھ کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری عبدالوحید قریشی، سابق امیر مشاق احمد خان، جماعت اسلامی حلقہ خواتین پاکستان کی سیکریٹری جنرل دردانہ صدیقی،مرکزی رہنماء تسنیم معظم،ناظمہ صوبہ عطیہ نثار،عظمیٰ عمران ،ضلعی ناظمہ غزالہ زاہد،نگراں تعلقات عامہ سندہ مہنازخان، جماعت اسلامی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات قیصر شریف، مرکزی نائب امیر ڈاکٹرمعراج الہدیٰ صدیقی،نائب امراء جماعت اسلامی سندھ حافظ نصراللہ چنہ،عبدالحفیظ بجارانی،جنرل سیکریٹری کاشف سعیدشیخ،،افضال آرائیں ،عبدالقدوس،جماعت اسلامی یوتھ ونگ سندھ کے صدرفرہادگل،جنرل سیکریٹری ظہیرالدین شیخ،نائب امیرجماعت اسلامی ضلع حیدرآبادڈاکٹرسیف الرحمن ،جنرل سیکریٹری مطاہرخان،ڈپٹی سیکریٹری عبدالقیوم حیدر، جے آئی یوتھ ونگ کے ضلعی صدر راحیل قریشی، تاجر رہنماء سلیم حسین وہرہ، اسلم دیسوالی، پاک سر زمین پارٹی کے ضلعی صدر شعیب جعفری، ڈویژنل صدر ندیم قاضی، نیشنل لیبر فیدریشن کے صوبائی جنرل سیکریٹری شکیل احمد شیخ‘ ضلع جنرل سیکریٹری اعجاز احمد، تحریک محنت کے الطاف زیدی ‘ ناظم اسلامی جمعیت طلبہ حیدرآباد سعد قاضی، جمعیت علماء اسلام س کے ضلعی امیر عبدالواحدسواتی،جنرل سیکریٹری حافظ ارمان چوہان،ملی مسلم لیگ کے خالدسیف اللہ، انجمن تاجران سندھ حیدرآبادزون کے صدر راناغلام رسول ،انجمن ریشم بازار کے صدرطارق ، وقار آرائیں ، محمود راجپوت،تنظیم اساتذہ کے ضلعی صدراسلم قریشی،پھلیلی کلب کے صدرجاویداخلاق سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔