Live Updates

وزیراعظم عمران خان منگل کو سعودی عرب کے دورے پرجائیں گے

وزیراعظم ایران کا کامیاب دورہ کرکے وطن واپس پہنچ گئے، کل وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کریں گے اور منگل کو سعودی قیادت سے ملنے سعودی عرب کیلئے روانہ ہوجائیں گے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 13 اکتوبر 2019 23:58

وزیراعظم عمران خان منگل کو سعودی عرب کے دورے پرجائیں گے
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13 اکتوبر2019ء) وزیراعظم عمران خان کامیاب دورہ ایران کے بعد منگل کو سعودی عرب جائیں گے، وزیراعظم ایران کا ایک روزہ دورہ کرکے وطن واپس پہنچ گئے، کل وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کریں گے اور منگل کو دورہ سعودی عرب کیلئے روانہ ہوجائیں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا ایران کا دوسرا دورہ ہے۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان رواں سال اپریل میں بھی ہمسائے ملک کا دورہ کر چکے ہیں۔ اسی طرح وزیراعظم منگل کو سعودی عرب بھی جائیں گے۔ عمران خان کا ایک روزہ دورہ سعودی عرب ہوگا۔ وزیراعظم سعودی ولی عہد محمد بن سلیمان سے ملاقات کریں گے۔ وفاقی کابینہ اجلاس کی تاریخ بھی دورہ سعودی عرب کے باعث تبدیل کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی کابینہ کا اجلاس اب منگل کی بجائے کل پیر کے روز ہوگا۔

وزیراعظم عمران خان آج ایران سے وطن واپس پہنچ جائیں گے۔ جبکہ وزیراعظم عمران خان منگل کو سعودی عرب کے ایک روزہ دورے پر جائیں گے۔ دوسری جانب اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے تہران کا ایک روزہ دورہ کیا۔ وزیراعظم کا دورہ تہران خلیج میں امن وسلامتی کے فروغ کیلئے اقدامات کا حصہ ہے۔ دورے میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سمیت اعلیٰ سطح وفد بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھا۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے صدر روحانی کے ساتھ ملاقات میں دو طرفہ تاریخی، ثقافتی  تعلقات کو اجاگر کیا۔ وزیراعظم نے مسئلہ کشمیر پر ایران کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ خلیج کی موجودہ صورتحال میں فوجی ٹکراؤ سے بچنے ضرورت ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات کومزید مستحکم کیا جائےگا۔ ایران کے ساتھ مضبوط تعلقات پاکستان کی ہمیشہ ترجیح رہی۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان کشیدگی میں کمی کیلئے سہولتکاری کا کردارادا کرنے کیلئے تیارہے۔ اعلامیہ میں بتایا گیا کہ تمام فریقین تعمیری بات چیت کا راستہ اختیار کریں۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 68 روز سے لاک ڈاؤن ہے۔ بھارت کے5 اگست کے غیرقانونی اقدامات سے خطے کے امن وسلامتی کوشدید خطرات لا حق ہیں۔ یاد رہے کہ نیو یارک میں یو این جنرل اسمبلی کے دوران وزیراعظم کے خطاب سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عمران خان سے ملاقات کی تھی، اور ان سے ایران اور سعودی عرب کی کشیدگی کو کم کرنے اور معاملات کو سلجھانے کی بات کی تھی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا اس وقت کہنا تھا کہ ایران کے معاملے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان سے مدد مانگتے ہوئے کہا تھا کہ اسلام آباد ایران، سعودی عرب معاملات کو سلجھائے اور بڑھتی ہوئی کشیدگی کم کروائے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات