امتحان میں نمبر کم آنے پر کم سن طالبعلم نے اپنی جان لے لی

سوشل میڈیا پر طالبعلم کا والدین کے نام لکھا گیا نوٹ وائرل ہو گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 14 اکتوبر 2019 11:27

امتحان میں نمبر کم آنے پر کم سن طالبعلم نے اپنی جان لے لی
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 اکتوبر 2019ء) : امتحانات میں نمبرز کم آنے پر ایک کم سن طالبعلم نے اپنی جان لے لی۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا کے ذریعے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق کم سن طالبعلم نے امتحان میں نمبر کم آنے پر نہر میں کُود کر اپنی جان لے لی۔ خود کُشی سے قبل والدین کے نام لکھے گئے نوٹ میں طالبعلم کا کہنا تھا کہ ''میرے پیارے ابو اور امی، مجھے معاف کر دینا، میرا رزلٹ بہت گندا آیا ہے، اس کی وجہ سے میری اب کوئی عزت نہیں رہے گی۔

مگر میں نے نمبر لینے کی کوشش کی تھی۔ بس مجھے معاف کر دینا۔''
اسی نوٹ کے پیچھے یہ بھی تحریر تھا کہ ''اس نوٹ کو پڑھنے والے میرے گھر بتا دو کہ میں یہاں ہوں'' اور ساتھ ہی اپنے والدین کا فون نمبر بھی لکھا۔

(جاری ہے)

سوشل میڈیا پر اس منظر کی کچھ تصاویر اور طالبعلم کے ہاتھوں والدین کے لیے لکھا گیا خط بھی وائرل ہو گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر میں طالبعلم کے جوتے اور اسکول کا بستہ بھی موجود ہے جسے دیکھ کر ہر کوئی اشکبار ہو گیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل تصاویر میں ریسکیو اہلکاروں کو نہر سے بچے کی لاش نکالتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔
خود کُشی کرنے والے بچے سے متعلق مزید معلومات حاصل نہیں ہو سکیں نہ ہی بچے کے اہل خانہ کا کوئی بیان سامنے آیا۔

سوشل میڈیا صارفین نے امتحانات میں نمبر لینے کے لیے بچوں پر دباؤ ڈالنے والے والدین کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ امتحانات میں اچھے نمبر لینا بُری بات نہیں ہے لیکن اس کے لیے بچوں پر ذہنی دباؤ ڈالنا اور اُن کو مسلسل پریشرائز کرنا اور ڈرانا غلط بات ہے جس کی وجہ سے کم نمبر آنے پر طلبا خوف کا شکار ہو جاتے ہیں اور اس طرح کے انتہائی اقدام کرتے ہیں۔ والدین کو چاہئیے کہ وہ اپنے بچوں کو دباؤ میں لانے کی بجائے انہیں اعتماد میں لیں تاکہ بچے اس طرح کے اقدامات نہ کریں۔

متعلقہ عنوان :