سعودی عرب میں خراب موسم کے تیور مزید بگڑ گئے

محکمہ موسمیات نے اگلے دو روز کے دوران بھی موسلا دھار بارشوں، تیز ہواؤں اور سیلابی صورتِ حال کی خبر دے دی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 14 اکتوبر 2019 12:08

سعودی عرب میں خراب موسم کے تیور مزید بگڑ گئے
جدہ(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14اکتوبر2019ء ) سعودی مملکت میں گزشتہ ہفتے سے طوفانی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا ہے جو کئی روز گزرنے کے باوجود اب تک تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ اس حوالے سے سعودی محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ سعودی عر ب کے مختلف علاقوں میں آج اور کل مزید تیز بارشوں کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق مدینہ منورہ، جازان، عسیر، باحہ اور مکہ مکرمہ میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کے علاوہ 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی۔

جب کہ کئی علاقوں میں گرد کا طوفان بھی اُٹھے گا۔ محکمہ موسمیات نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر جاری پیغام میں کہا کہ جدہ اور دیگر ساحلی علاقوں میں درمیانے درجے کی بارش ہو سکتی ہے۔ جبکہ مکہ مکرمہ، طائف، اضم، العرضیات، الکامل، جازان اور میسان میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

اس لیے یہاں کے رہائشی بلا ضرورت گھروں سے نہ نکلیں اور نہ ہی نشیبی علاقوں کا رُخ کریں کیونکہ ان علاقوں میں بڑی مقدار میں پانی اکٹھا ہونے کے باعث انسانی زندگی کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

محکمہ شہری دفاع کی جانب سے عسیر ریجن کے رہائشیوں کو بھی خبردار کیا گیا ہے کہ اگلے چند روز تک غیر یقینی موسم کے باعث گاڑی کی ڈرائیونگ کے دوران احتیاط سے کام لیں۔ سعودی محکمہ موسمیات کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ کئی علاقوں میں تیز بارش کے باعث سیلابی صورتِ حال پیدا ہو سکتی ہے۔اس لیے وادیوں اور نشیبی علاقوں کا رُخ نہ کیا جائے کیونکہ وہاں پر بڑی مقدار میں پانی اکٹھا ہونے سے کسی سنگین صورتِ حال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ شہریوں کو چاہیے کہ وہ تیز ہواؤں کے چلنے کے دوران گاڑیاں درختوں اور نیون سائن کے قریب کھڑی نہ کریں اور راہگیروں کو بھی گزرتے وقت احتیاط سے کام لینا چاہیے۔