اماراتی خلا باز ہزاع المنصوری نے واپسی پر ماں کے قدموں کو بوسہ دے ڈالا

بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پہنچنے والے پہلے عرب خلا باز المنصوری کا ابو ظہبی ایئرپورٹ پر شاہی پروٹوکول کے ساتھ استقبال کیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 14 اکتوبر 2019 12:29

اماراتی خلا باز ہزاع المنصوری نے واپسی پر ماں کے قدموں کو بوسہ دے ڈالا
ابوظہبی (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14اکتوبر2019ء) اماراتی خلا باز ہزاع المصنوری بین الااقوامی خلائی اسٹیشن پہنچنے کے بعد یہ اعزاز حاصل کرنے والے عرب دُنیا کے پہلے خلا باز بن گئے ہیں۔ ہزاع المنصوری ہفتہ کی شام کو خلا کے سفر سے واپسی پر ابو ظہبی کے ایئرپورٹ پر پہنچے تو وہاں پر اُن کا شاہی پروٹوکول کے ساتھ استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر ابوظہبی کے ولی عہد اور امارات کے ڈپٹی سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زاید النہیان نے ہفتے کی شام البتین ایگزیکٹو ائرپورٹ پر ہزاع اور ان کے ساتھی خلانورد سلطان النیادی کا پرتپاک استقبال کیا۔

ہزاع المنصوری کی والدہ بھی اپنے بیٹے کے اس شاندار کارنامے کے بعد انہیں ایئرپورٹ پر لینے کے لیے آئی تھی۔ المنصوری نے جیسے ہی اپنی والدہ کو دیکھا تو فوراً زمین پر بیٹھ کر اُن کے قدموں کو بوسہ دے ڈالا،پھر اُن کا سر چُوما اور پھر والدہ کے گلے لگ گئے۔

(جاری ہے)

والدہ کے ساتھ اس گرم جوشی اور تپاک سے ملاقات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو چکی ہے۔

جسے اب تک لاکھوں لوگ دیکھ چکے ہیں۔ واضح رہے کہ ہزاع المنصوری 25 ستمبر 2019ء کو قزاقستان میں واقع بیکانور کے خلائی مرکز سے سوئز ایم ایس 15 خلائی جہاز سے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کی جانب روانہ ہوئے تھے۔انہوں نے اس اہم مشن پر روانہ ہونے سے قبل اللہ کے حضور اپنے خلائی مشن کی کامیابی کے لیے دُعا کی تھی۔۔ہزاع المنصوری خلیفہ بن زاید ائیر کالج سے 2004ء میں گریجوایٹ ہوئے تھے اور وہ فوجی ہوابازی میں چودہ سالہ تجربے کے حامل ہیں۔

المنصوری اور سلطان النیادی یواے ای کے خلائی پروگرام کے تحت تربیت پانے والے خلانوردوں کے پہلے بیچ سے تعلق رکھتے ہیں۔اس پروگرام کا مقصد تربیت یافتہ اماراتی خلانوردوں کی ایک ایسی کھیپ تیار کرنا ہے جس کو مختلف سائنسی مشنوں کے لیے خلا میں بھیجا جاسکے گا۔اس پروگرام کے تحت المنصوری اور النیادی کو ماسکو میں تربیت دی گئی ہے۔