متحدہ عرب امارات میں ڈرائیوروں کو اہم وارننگ جاری کر دی گئی

دوران ڈرائیونگ انڈیکیٹرز کا استعمال نہ کرنے پر ٹریفک جرمانہ بھُگتنا ہو گا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 14 اکتوبر 2019 12:48

متحدہ عرب امارات میں ڈرائیوروں کو اہم وارننگ جاری کر دی گئی
ابو ظہبی(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14اکتوبر2019ء) متحدہ عرب امارات میں مقیم ڈرائیورز کو ٹریفک ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے اہم وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔ ابو ظہبی پولیس کی جانب سے خبر دار کیا گیا ہے کہ دورانِ ڈرائیونگ انڈیکیٹرز کا استعمال لازمی ہے، اگر کوئی ڈرائیور ایسا نہیں کرتا تو اسے جرمانے کی رقم ادا کرنے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ ابو ظہبی پولیس کے مطابق اس ٹریفک خلاف ورزی کی صورت میں 400 درہم کا جرمانہ بھُگتنا ہو گا۔

اس حوالے سے ٹریفک ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ایک آگہی مہم بھی چلائی جا رہی ہے۔ جس میں ڈرائیورز کو بتایا جاتا ہے کہ موقع کے مطابق انڈیکیٹرز کا استعمال کس قدر ضروری ہے۔ اور اس معاملے میں غفلت برتنے کے کیا سنگین نتائج برآمد ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

پولیس کی جانب سے اس حوالے سے ڈرائیورز کی تربیت کے لیے ایک ویڈیو بھی آفیشل اکاؤنٹس پر پوسٹ کی گئی ہے۔

جبکہ شا رجہ روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ اگر کوئی شخص غیر قانونی ٹیکسی چلاتا ہے تو اسے جرمانے کی مد میں پانچ ہزار درہم کا جرمانہ عائد کیا جائے گا اگر دُوسری بار وہ یہی حرکت دُہراتا ہوا پایا گیا تو یہ جرمانہ دُگنا یعنی 10 ہزار درہم کر دیا جائے گا۔جبکہ تیسری بار خلاف ورزی کی صورت میں ڈرائیور کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

روڈز اتھارٹی کے ڈائریکٹر عبدالعزیز الجروان کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ریاست میں لوگوں کو اپنی ذاتی اور کمپنیوں کی گاڑیوں میں بٹھا کر انہیں منزل تک پہنچانے کے بدلے میں پیسے وصول کرنے والوں کے خلاف آپریشن شروع ہو چکا ہے۔ رواں سال اگست کے وسط تک اس ٹریفک جُرم کے ارتکاب پر 10,191 افراد کو جرمانے عائد کیے گئے ہیں جس کے باعث اتھارٹی کو پانچ کروڑ درہم کی بھاری آمدنی وصول ہوئی ہے۔