پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن سٹیٹ کا کردار ادا کیا ہے‘ڈپٹی چیئرمین سینیٹ

پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن سٹیٹ کا کردار ادا کیا جس میںستر ہزار سے زائد افراد شہید اور اربوں ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا‘سلیم مانڈوی والا

پیر 14 اکتوبر 2019 13:34

پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن سٹیٹ کا کردار ادا کیا ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2019ء) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن سٹیٹ کا کردار ادا کیا ہے ۔دنیا کو اب دہرا معیار ترک کرنا ہوگا۔مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کے تحت حق کی آواز کو کچلا جا رہا ہے۔ ان خیالات کااظہار ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے ترکی کے شہر استنبول میں منعقدہ سپیکر کانفرنس جس کا موضوع ’’دہشتگردی کی روک تھام اور علاقائی رابطہ کاری کا فروغ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ تجارتی و کاروباری سرگرمیوں کے ذریعے خطے کی خوشحالی کے لئے اقدامات اٹھا ئے جا سکتے ہیں۔ پائیدار ترقی اور مسائل کے حل کے لئے اس فورم کو زیادہ با اختیار بنانا ہوگا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر سلیم مانڈوی والانے کہا کہ امن و سلامتی کی چھتری تلے خطے کی رابطہ کاری کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا جا سکتا ہے۔دہشتگردی ایک بہت بڑا مسئلہ ہے۔

دہشتگردی کا تعلق کسی قومیت یا مذ ہب سے نہیں،پاکستان خود دہشتگردی کا شکار رہا ہے۔سینیٹرسلیم مانڈوی والانے مزید کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن سٹیٹ کا کردار ادا کیا جس میںستر ہزار سے زائد افراد شہید اور اربوں ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور عالمی بدامنی کے خلاف ہمارا عزم پختہ ہے۔ پاکستان نے پارلیمان، حکومتی اور عدالتی سطح پر اس حوالے سے اقدامات اٹھائے ہیں۔

پاکستان کی پارلیمان نے موثر قانون سازی کی ہے۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ دنیا کو اب دہرا معیار ترک کرنا ہوگا۔مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کے تحت حق کی آواز کو کچلا جا رہا ہے۔ مودی سرکار مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں میں ملوث ہے اور مقبوضہ وادی میں نہتے لوگوں کو ظلم و بربریت کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔مودی نے پر امن مذاکرات کی تمام افرز ٹھکرا دیں۔ڈپٹی چیرمین سینیٹ نے کہا کہ قومیں باہمی اعتماد اور تعاون سے آگے بڑھتی ہیں۔ سی پیک پاکستان اور چین کے باہمی اعتماد اور دوستی کا مظہر ہے۔ پاک چین تعاون خطے کی رابطہ کاری میں مددگار ثابت ہو گا۔