ننکانہ صاحب : نواحی قصبہ بڑاگھرمیں قبضہ گروپوں کے خلاف آپریشن ، ایک کنال آٹھ مرلہ سرکاری اراضی واگزار

سرکاری زمینوں پر ناجائز قبضہ کرنے والوں کو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا : ڈپٹی کمشنر راجہ منصوراحمد

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 14 اکتوبر 2019 13:50

ننکانہ صاحب : نواحی قصبہ بڑاگھرمیں قبضہ گروپوں کے خلاف آپریشن ، ایک ..
ننکانہ صاحب(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14اکتوبر2019ء ، نمائندہ خصوصی،عبدالقدوس ملِک) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر ننکانہ راجہ منصور احمد کی زیر نگرانی ضلع بھر میں روزانہ کی بنیاد پر تجاوزات کیخلاف آپریشن جاری ہے۔ ضلع بھر کی تمام میونسپل کمیٹیوں سمیت اسسٹنٹ کمشنرز اورضلع کونسل ننکانہ صاحب کا عملہ بھاری مشینری کے ساتھ روزانہ کی بنیاد پر تجاوزات کے خاتمے کے اقدامات کر رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب راجہ منصور احمدکی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنرننکانہ صاحب سونیا کلیم کی سربراہی میں ضلع کونسل کے عملہ نے بھاری مشینری اور پولیس نفری کے ساتھ ننکانہ صاحب کے نواحی قصبہ بڑا گھرمیں قبضہ گروپوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا۔

(جاری ہے)

آپریشن کے دوران ناجائزقبضہ کی گئی ایک کنال آٹھ مرلہ سرکاری اراضی قبضہ گروپوں کے قبضہ سے واگزار کروائی گئی۔

واگزار کروائی گئی سرکاری اراضی کی قیمت تقریباً 1 کروڑ 71لاکھ روپے بنتی ہے۔ضلعی انتظامیہ،محکمہ واپڈا،ضلع کونسل، محکمہ مال ،محکمہ پولیس کی بھاری نفری نے اس آپریشن میں حصہ لیا۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر راجہ منصور احمد نے بتایاکہ ضلع بھر میں ابتک قبضہ گروپوں سے ہزاروں ایکڑ سرکاری اراضی واگزار کروالی گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی جگہ، زمینوں پر ناجائز قبضے نہیں ہونے دیئے جائیں گے۔

متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر ز اورتمام متعلقہ افسران روزانہ کی بنیاد پر اپنی تحصیل میں سرکاری زمین پر ناجائز قابضین کے خلاف ہونے والی سرگرمیوں بارے آگاہ کریں تاکہ متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر کی نگرانی آپریشن کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔تمام محکمے اس قومی فریضے کو ادا کریں اور سرکاری زمینوں پر ناجائز قابضین کو کیفرکردار تک پہنچانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔علاوہ ازیں انہوں نے آئندہ کسی بھی قسم کے ناجائز قبضہ پر مزید سختی سے کارروائی کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔