جاپان،سمندری طوفان سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 39 ہو گئی

پیر 14 اکتوبر 2019 15:15

جاپان،سمندری طوفان سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 39 ہو گئی
ٹوکیو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2019ء) جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں تاریخ کے خطرناک ترین سمندری طوفان ہیگی بیس کے نتیجے میں مختلف حادثات میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 39 ہوگئی جبکہ 189 افراد زخمی اور لاپتہ ہیں۔ سمندری طوفان کے باعث موسلا دھار بارش کے بعد ٹوکیو سمیت متعدد علاقوںکو سیلابی صورتحال کا سامنا ہے، متاثرہ علاقوں سے لوگوں کو ریسکیو کرنے کا عمل جاری ہے۔

گزشتہ روز ٹوکیو سے ٹکرانے والے طوفان نے ملک کے مشرقی حصے میں شدید تباہی مچائی ہے۔

(جاری ہے)

موسلادھار بارشوں کے بعد ٹوکیو اور فوکوشیما سمیت کئی علاقے زیرآب آگئے، دریائوں میں پانی کی سطح بلند ہو گئی جبکہ سمندر میں لہریں بلند ہو گئیں۔متاثرہ علاقوں میں پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالنے کے لیے بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن جاری ہے۔طوفان کے باعث پونے 4 لاکھ گھروں کی بجلی بھی منقطع ہو چکی ہے۔14000گھروں میں رہنے والوں کو پینے کا پانی میسر نہیں ہے۔پورے ملک میں امدادی کاموںکیلئی27000کارکنان مصروف عمل ہیں۔حکام نے ساحلی علاقوں کے 60 لاکھ سے زائد افراد کو انخلاء کی وارننگ جاری کی تھی۔