ڈسکہ کے گاؤں جیسر والا میں 8 سالہ بچے سبحان کی ہاتھ پاؤں بندھی لاش برآمد

پولیس کی جانب سے روایتی بے حِسی کا مظاہرہ، مقدمہ میں زیادتی کی دفعات شامل نہ کرنے اور پوسٹ مارٹم میں دیر پر لواحقین کا احتجاج

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 14 اکتوبر 2019 14:52

ڈسکہ کے گاؤں جیسر والا میں 8 سالہ بچے سبحان کی ہاتھ پاؤں بندھی لاش برآمد
سیالکوٹ(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14اکتوبر2019ء ، نمائندہ خصوصی،رحمان یوسف) سیالکوٹ کی تحصیل ڈسکہ کے گاوں جیسر والا کے قریب قصور زیادتی کیس جیسا واقعہ رُونما ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات کھیتوں سے آٹھ سالہ بچے سبحان کی ہاتھ پاؤں بندھی لاش برآمد ہوئی ہے۔ ورثاء نے پولیس کی روایتی بے حسی کے خلاف مظاہرہ کیا ہے۔ کیونکہ اس مقدمہ کی ایف آئی آر میں زیادتی کی دفعہ شامل نہیں کی گئی اور آٹھ گھنٹے گزر جانے کے بعد بھی پوسٹ مارٹم مکمل نہیں ہو سکا ہے۔

(جاری ہے)

جس پرلواحقین نے احتجاج کرتے ہوئے ڈسکہ سیالکوٹ روڈہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا ہے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ انہیں انصاف دیا جائے۔مظاہرین کا مزید کہنا ہے کہ ہم غریب لوگ ہیں ہمارے بچے کے ساتھ ظلم و بربریت کا انتہا کی گئی ہے۔ ہمارے بچے کے قاتل کو گرفتار کیا جائے ۔ احتجاج کے باعث سیالکوٹ سے لاہور اور دوسرے شہروں کا رابطہ منقطع ہو گیا۔شہر سیالکوٹ کے لوگوں میں اس واقعہ کے بعد تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے بھی اس واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے ۔