خیبرپختونخوا نے بلوچستان کو نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے افتتاحی میچ میں شکست دے دی

خیبرپختونخوا کے اسپنر محمد محسن کے 4 شکاراور عادل امین کے برق رفتار46 رنز، امام الحق کے70 رنز رائیگاں

پیر 14 اکتوبر 2019 14:52

خیبرپختونخوا نے بلوچستان کو نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے افتتاحی میچ میں شکست ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 اکتوبر2019ء) اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گئے پہلے میچ میں خیبرپختونخوا نے محمد محسن کی عمدہ باوٴلنگ اور عادل امین کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت بلوچستان کو7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ فاتح ٹیم کے اسپنر محمد محسن نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ عادل امین نے 21گیندوں پر 46 رنز کی اننگز کھیلی۔خیبرپختونخوا نے 141 رنز کا ہدف 18ویں اوور میں حاصل کرلیا۔


نیشنل ٹی ٹونٹی کپ فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں خیبرپختونخوا کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ امام الحق اور اویس ضیاء پر مشتمل اوپننگ جوڑی نے بلوچستان کو65 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ بائیں ہاتھ کے بیٹسمین امام الحق نے 50 گیندوں پر 70 رنز کی اننگز کھیلی۔

(جاری ہے)

ان کی اننگز میں 4چھکیاور3چوکے شامل تھے۔27 گیندوں کا سامنا کرنے والیاویس ضیاء نے2 چھکوں اور 3چوکوں کی مدد سے31رنز بنائے۔

دونوں اوپنرز کے علاوہ بلوچستان کی ٹیم کا کوئی بھی کھلاڑی وکٹ پر نہ ٹھہر سکا۔ مقررہ 20 اوورز میں بلوچستان نے9 وکٹوں کے نقصان پر 140رنز بنائے۔خیبرپختونخوا کی جانب سے اسپنر محمد محسن نے 17رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔عثمان شنواری نے 2 جبکہ محمد الیاس اور افتخار احمد نے 1،1 کھلاڑی کو آوٴٹ کیا۔
جواب میں خیبرپختونخوا کے اوپنرز نے ٹیم کو 58 رنز کا آغاز فراہم کیا۔

اوپنر فخر زمان 45 اور صاحبزادہ فرحان 14 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے۔ اوپننگ جوڑی کے آوٴٹ ہونے کے بعد عادل امین اور کپتان محمد رضوان کے درمیان 74 رنز کی برق رفتار شراکت کی بدولت خیبرپختونخوا نے مطلوبہ ہدف 17.1 اوور میں حاصل کرلیا۔ مڈل آرڈر بیٹسمین عادل امین نے 21 گیندوں پر 46 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ نوجوان بلے بازکی اننگز میں 6 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ محمد رضوان 31 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔بلوچستان کے یاسر شاہ، حارث سہیل اور عماد بٹ نے 1،1 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔
ایونٹ میں پیر کے روز 2 میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلے میچ میں ناردرن اور سدرن پنجاب جبکہ دوسرے میچ میں سندھ اور بلوچستان کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔