Live Updates

عمران خان کو اپنی حکومت ختم کرنے کی بڑی جلدی ہے. خواجہ سعد رفیق

22کڑور کا ملک دھمکیوں سے نہیں چلایا جاسکتا . سابق وفاقی وزیرکی صحافیوں سے گفتگو

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 14 اکتوبر 2019 14:59

عمران خان کو اپنی حکومت ختم کرنے کی بڑی جلدی ہے. خواجہ سعد رفیق
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔14 اکتوبر ۔2019ء) سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان کو اپنی حکومت ختم کرنے کی بہت جلدی ہے، 22کڑور کا ملک دھمکیوں سے نہیں چلایا جاسکتا. پیراگون اسکینڈل میں گرفتار خواجہ برادران کی فرد جرم ختم کرکے بری کر نے کی درخواستوں پر احتساب عدالت میں سماعت ہوئی اور کیس کا فیصلہ 16 اکتوبر تک محفوظ کرلیا گیا.

احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے کیس کی سماعت کی جہاں جیل حکام نے جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر خواجہ برادران کو پیش کیا. دوران سماعت ملزمان کے وکیل اشتر اوصاف نے فرد جرم ختم کرکے بری کرنے کی درخواستوں پر دلائل دیتے ہوئے کہا کہ کمپنیز ایکٹ 2017 کے مطابق پیراگون کا ریفرنس نیب کی حدود میں نہیں آتا. انہوں نے کہا کہ اس ریفرنس سے خواجہ برادرن کو بنیادی حقوق سے محروم کیا گیا، نیب سے ریفرنس دائر کرنے کی غلطی ہوچکی ہے اور وہ غلطی کو چھپا رہے ہیں.

نیب پراسیکوٹر نے اپنے دلائل میں کہا کہ ملزمان کے خلاف تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد ریفرنس دائر کیا گیا ہے عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر بریت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا. وکیل صفائی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ نیب کہتی ہے چارج فریم کے بعد درخواست قابل سماعت نہیں، دیکھنا یہ ہے نیب ایسے معاملات میں مداخلت کرسکتا ہے یا نہیں.

وکیل صفائی نے کہا کہ قانون کے مطابق ہرملزم کو شفاف ٹرائل، دفاع کا حق ہے انہوں نے کہا کہ خواجہ برادران پر عہدے کے غلط استعمال کا الزام نہیں ہے. خواجہ برادران کے وکیل نے کہا کہ خواجہ برادران نے عوام سے فراڈ بھی نہیں کیا، خواجہ برادران کے خلاف صرف 2 درخواستیں آئیں، درخواستوں پرمقدمے سول عدالت میں چل رہے ہیں. وکیل صفائی نے کہا کہ سول کیس چل رہا ہو تو فوجداری مقدمہ نہیں چلایا جاسکتا، نیب کمپنی کیس میں مداخلت نہیں کرسکتا۔

(جاری ہے)

پراسیکیوٹر نیب نے کہا کہ فرد جرم عائد ہونے کے بعد دائرہ اختیار چیلنج نہیں کیا جاسکتا.

واضح رہے 11 دسمبر 2018 کو لاہور ہائی کورٹ نے مسلم لیگ نون کے راہنماﺅں خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کی عبوری ضمانت خارج کردی تھی، جس کے بعد قومی احتساب بیورو (نیب) نے دونوں بھائیوں کو حراست میں لے لیا تھا. نیب نے گرفتاری کے اگلے روز ہی خواجہ برادران کو لاہور کی احتساب عدالت میں پیش کیا تھا جہاں عدالت نے خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کیا تھا.

خواجہ برادران کو پیراگون ہاﺅسنگ اسکینڈل میں گرفتار کیا گیا ہے جبکہ دونوں بھائی پیراگون ہاﺅسنگ اسکینڈل سمیت 3 مقدمات میں نیب کو مطلوب تھے. سماعت کے بعد احاطہ عدالت میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیرریلوے نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان عوام کی آواز بن رہے ہیں‘ عمران خان کو اپنی حکومت ختم کرنے کی بہت جلدی ہے 22کڑور کا ملک دھمکیوں سے نہیں چلایا جاسکتا. قبل ازیں خواجہ برادران کی پیشی کے موقع پرسیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور جوڈیشل کمپلیکس کی طراف آنے والے راستوں کو خاردار تارین اور کنٹینرز لگا کر بند کیا گیا تھا.
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات