بابری مسجد اراضی کیس میں بھارتی سپریم کورٹ کا فیصلہ17نومبر کو متوقع، ایودھیا میں 10 دسمبر تک دفعہ 144نافذ

پیر 14 اکتوبر 2019 15:32

بابری مسجد اراضی کیس میں بھارتی سپریم کورٹ کا فیصلہ17نومبر کو متوقع، ..
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2019ء) بھارتی سپریم کورٹ کا بابری مسجد اراضی کیس پر فیصلہ 17نومبر کو متوقع ہے اور دیوالی و دیگر تہواروں کے پیش نظر ایودھیا میں 10دسمبر تک دفعہ 144نافذ کر دی گئی ہے۔ بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق ایودھیا کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ انوج کمار جھا نے اپنے ٹویٹ میں بتایا کہ دیوالی، دیگر تہواروں اور سپریم کورٹ میں جاری بابری مسجد رام جنم بھومی مندر کیس کے پیش نظر ایودھیا میںدفعہ 144کے تحت 4 سے زیادہ افراد کے اجتماع پر 10دسمبر تک پابندی عائد کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ احکامات ایودھیا کا رخ کرنے والوں کی سکیورٹی کے پیش نظر ہفتہ کو جاری کیے گئے۔ حکام کے مطابق دفعہ 144، 6 دسمبر کوبابری مسجد کی شہادت کے 26 سال مکمل ہونے کے موقع پر نافذ کی گئی جبکہ بھارتی سپریم کورٹ کی جانب سے اس حوالے سے فیصلہ سنائے جانے کا بھی امکان ہے۔کیس میں مسلمانوں کے وکیل اقبال انصاری نے ضلعی انتظامیہ کے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام ضلع میں امن و امان اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لیے ناگزیر ہے۔ واضح رہے کہ ایودھیا میں ہر برس اس موقع پر امن و امان برقرار رکھنے کے لئے دفعہ 144نافذ کی جاتی ہے۔