7زبانوں اور 10کھیلوں کے ماہر روسی صدر کی شخصیت کے پراسرارگوشے

صدر پوٹین نے انٹیلی جنس آفیسرکی حیثیت سے فوج میں خدمات انجام دیں‘وہ بہترین باورچی بھی سمجھے جاتے ہیں

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 14 اکتوبر 2019 15:31

7زبانوں اور 10کھیلوں کے ماہر روسی صدر کی شخصیت کے پراسرارگوشے
ماسکو(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔14 اکتوبر ۔2019ء) روسی صدر ولادی میر پوٹین کو ایک پراسرار شخصیت سمجھا جاتا ہے انہوں نے انٹیلی جنس آفیسرکی حیثیت سے فوج میں خدمات انجام دیںمگرحقیقت یہ ہے کہ وہ کوئی ایسی پراسرار شخصیت نہیں جن کی زندگی کا کوئی گوشہ کسی سے مخفی ہو. ان کا ماضی اور حال کھلی کتاب کی طرح واضح ہے تاہم روسی صدر کی بیٹیوں کے بارے میں بہت کم معلومات ملتی ہیں انٹرنیٹ پر روسی صدرکی بیٹیوں کے ناموں کے بارے میں معلومات تلاش کرنے والوں کی بڑی تعداد ہے.

عرب نشریاتی ادارے نے صدر پوٹین کی سالگرہ کے حوالے سے اپنی خصوصی رپورٹ میں ان کی زندگی کے مختلف پہلوﺅں کو اجاگر کیا ہے‘صدر ولادی میر پوٹین نے 7اکتوبر کولینن گراڈ شہر میں اپنی67 ویں سالگرہ منائی سوویت یونین کے خاتمے کے بعد روس نے 1991 میں اس کا نام سینٹ پیٹرزبرگ رکھ دیا تھا. ولادی میر پوٹین سات زبانوں کے ماہر ہیں دنیا کا کوئی دوسرا سربراہ مملکت ایسا نہیں جو اتنی زبانوں پر عبوررکھتا ہو۔

(جاری ہے)

صدرولادی میر پوٹین کو جرمن اور فرانسیسی سمیت مختلف زبانوں میں بات کرتے سناگیا ہے جبکہ وہ انگریزی گانے بھی گن گنانتے ہیں .

صدرپوٹین 1975 میں لینین گراڈ یونیورسٹی آف لا سے فارغ التحصیل ہونے والے ولادی میر پوتین روانی کے ساتھ جرمن زبان بولتے ہیں انہوں نے اپنے جوانی کے کئی برس کے جی بی انٹیلی جنس سروس میں کام کیا تھا 2013 میں انہوں نے جرمنی کی چانسلر انجیلا مرکل کے ساتھ ماسکو میں مشترکہ پریس کانفرنس کی. روسی صدر نے روسی زبان اور جرمن چانسلرنے جرمن زبان میں بات کی بعد ازاں صدر پوٹین نے مہمان جرمن چانسلر کی جرمنی میں کی گئی گفتگو کا روسی زبان میں ترجمہ کیا اس پرنہ صرف کانفرنس میں موجود صحافی اور ترجمان حیران ہوئے بلکہ یہ منظر عالمی ذرائع ابلاغ میں بھی دیکھا گیا.

پوتین انگریزی کے ساتھ ساتھ پولش اور یوکرائنی بھی بولتے ہیں جب انہوں نے آرمینیا کا دورہ کیا تو ہاں کے لوگ بھی حیران ہوئے کہ روسی صدر ان کی زبان سمجھتے اور بولتے ہیں. صدر پوٹین1983 میں شادی کی ان کی دو بیٹیاں ہیں 2014 میں پوتین اور اس کی اہلیہ میں طلاق ہوگئی البتہ ان کی دونوں بیٹیوں کے بارے میں بہت کم معلومات ملتی ہیں.صدر پوٹین کی بڑی بیٹی 34 سالہ Maria Vorontsova ایک چائلڈ اسپیشلسٹ ہیں دوسری بیٹی آکرو اپنی بڑی بہن سے ایک سال 4 ماہ چھوٹی ہے اور وہ ڈانسر ہے.

ان کے ایک بھائی ”خناق“ کے باعث انتقال کرگئے تھے جبکہ ان کے دادا سابق سوویت لیڈر لینن اور جوزف اسٹالن کے خانساماں تھے. ولادی میر پوٹین کے بارے انٹرنیٹ پردستیاب معلومات کے ذخیرے میں ایک دستاویزی فلم بھی موجود ہے دو گھنٹے کی یہ فلم 11 مارچ کو نشر کی گئی تھی دستاویزی فلم کو دیے گئے انٹرویو میں صدر پوتین نے کہا کہ ان کے دو بھائی تھے ایک کا نام البرٹ تھا جو چھوٹی عمر میں فوت ہوگیا جب کہ دوسرا بھائی وکٹر خناق نامی سانس کی بیماری کے باعث ہلاک ہوگیا اس کے بعد پوٹین اپنے والدین کی تنہا اولاد رہ گئے.

روسی صدر کے کنبہ میں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ان کے دادا سپریڈن پوٹین لینن اور پھراسٹالن کے لیے باورچی کی حیثیت سے کام کرتے تھے ان کا انتقال 86 سال کی عمر میں 1965 میں ہوا وہ سوویت حکومت کے مشہور باورچی تھے تاہم ان کا پوتایعنی ولادی میر پوٹین بھی ایک بہترین کک ہونے کے ساتھ 10 سے زیادہ کھیلوں کا بھی ماہر ہے شطرنج کھیلنا، پیانو کھیلنا ،زمینی، فضائی اور سمندری شکار ان کے پسندیدہ مشاغل ہیں. فلم میں پوٹین نے اپنے بچپن کے بارے میں بھی بات کی۔ وہ کہتے ہیں کہ وہ اپنے والدین کے ساتھ کس طرح ایک کثیر منزلہ بغیر لفٹ والی عمارت کی چوتھی منزل کے اپارٹمنٹ میں رہائش پذیر رہے یہ فلیٹ پیٹرز برگ میں آج بھی ہے.