موسم سرما کی شدت سے قبل اقدامات نہ کئے گئے تو گیس کا بحران شدید ہو سکتا ہے ، ڈاکٹر مرتضیٰ مغل

پیر 14 اکتوبر 2019 16:38

موسم سرما کی شدت سے قبل اقدامات نہ کئے گئے تو گیس کا بحران شدید ہو سکتا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2019ء) پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کئے گئے تو امسال موسم سرما میں گیس کا بحران سابقہ بحرانوں سے زیادہ شدید ہو گا۔ملک میں گیس کی پیداوار مسلسل کم ہو رہی ہے، ایران اور ترکمانستان سے سستی گیس درآمد کرنے کے منصوبے تعطل کا شکار ہیں۔

(جاری ہے)

پیر کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ موسم سرما کی شدت سے قبل اقدامات نہ کئے گئے تو مشکل صورتحال پیش آ سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ دس سال قبل قدرتی گیس ملک کی نصف سے زیادہ توانائی کی ضروریات پوری کر رہی تھی جبکہ اب اسکا حصہ کم ہو کر 35 فیصد رہ گیا ہے۔ دوسری طرف ایل این جی کی درآمد 2014ء میں صفر فیصدسے بڑھ کر 5.6 فیصد ہو چکی ہیں اور اس میں ہر سال مزید اضافہ ہو رہا ہے۔