دوہری شہریت کے حامل طلبہ میڈیکل کالجز میں داخلے کے لیے اہل قرار

پیر 14 اکتوبر 2019 16:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2019ء) لاہور ہائیکورٹ نے دوہری شہریت کے حامل طلبہ کو میڈیکل کالجز میں داخلے کا اہل قرار دیتے ہوئے پی ایم ڈی سی آرڈیننس2019ء کالعدم قرار دے دیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امیر بھٹی نے دوہری شہریت رکھنے والے طلبہ کو میڈیکل کالجز میں داخلہ نہ دینے کے خلاف درخواستوں کا فیصلہ سنایا۔ عدالت نے پاکستان سے اے لیول کرنے والے دوہری شہریت کے حامل طالبعلموں کومیڈیکل کالجز میں داخلے کا اہل قرار دے دیا۔

(جاری ہے)

عدالت نے دوہری شہریت کے حامل طالبعلموں کو میڈیکل کالجز ایڈمیشن رولز2018ء کے تحت نئی میرٹ لسٹ جاری کرنے کا حکم دیا۔ درخواست گزاروں کے وکیل میاں اسلم نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے اے لیول کرنے والے دوہری شہریت کے حامل طلبہ کو داخلے سے روکا جانا آئین کے تحت بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے اور آئین کے تحت دوہری شہریت کے حامل طالبعلموں کے حقوق ضبط نہیں کئے جاسکتے۔ عدالتی حکم امتناعی پر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے میرٹ لسٹ روک لی تھی۔