پیراگون ہائوسنگ سوسائٹی ریفرنس، خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ پرسوں سنایا جائے گا

پیر 14 اکتوبر 2019 16:42

پیراگون ہائوسنگ سوسائٹی ریفرنس، خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2019ء) لاہور کی احتساب عدالت نے پیراگون ہاوسنگ سوسائٹی ریفرنس میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں 2 دن کی توسیع کرتے ہوئے ان کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے جو پرسوں (بدھ کو)سنایا جائے گا۔ احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے کیس کی سماعت کی۔

عدالتی سماعت کے موقع پر جیل حکام نے جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر ملزمان کو پیش کیا، دوران سماعت ملزمان کے وکیل اشتر اوصاف نے بریت کی درخواستوں پر دلائل دیتے ہوئے کہا کہ کمپنیز ایکٹ 2017 ء کے مطابق پیراگون کا ریفرنس نیب کی حدود میں نہیں آتا، قانون اور آئین کے مطابق بات کرنا ہمارا فرض ہے۔ دوران سماعت نیب پراسیکوٹر نے اپنے دلائل میں کہا کہ ملزمان کے خلاف تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد ریفرنس دائر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

نیب نے پیراگون ہاؤسنگ کیس میں گزشتہ سال دسمبر میں ضمانت منسوخ ہونے کے بعد ملزمان کو لاہور ہائیکورٹ سے گرفتار کیا تھا۔ نیب کے مطابق خواجہ سعد رفیق نے اپنی اہلیہ، بھائی سلمان رفیق، ندیم ضیاء اور قیصر امین بٹ سے مل کر ایئر ایونیو سوسائٹی بنائی، جس کا نام بعد میں تبدیل کرکے پیراگون رکھ دیا گیا۔ نیب کے مطابق خواجہ سعد رفیق نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی کی تشہیر کی اور ساتھیوں کے ساتھ مل کر عوام کو دھوکہ دیا اور اربوں روپے کی رقم بٹوری۔

نیب کے مطابق ملزمان کے نام پیراگون میں40 کنال اراضی موجود ہے۔ فریقین کے دلائل سُننے کے بعد عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر بریت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا جبکہ عدالت نے خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں 16 اکتوبر تک توسیع کر دی ۔ ملزمان کی پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور جوڈیشل کمپلیکس کے اطراف آنے والے راستوں کو خاردار تاروں اور کنٹینرز لگا کر بند کیا گیا ۔