دوہری شہریت کے حامل طلبا ء میڈیکل کالجز میں داخلے کے اہل قرار،پی ایم ڈی سی آرڈیننس برائے سال 2019 کالعدم قرار

پیر 14 اکتوبر 2019 18:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2019ء) لاہور ہائیکورٹ نے دوہری شہریت کے حامل طلبا ء کو میڈیکل کالجز میں داخلے کا اہل قرار دیتے ہوئے پی ایم ڈی سی آرڈیننس برائے سال 2019 کالعدم قرار دیدیا۔ اس سے قبل عدالتی حکم امتناعی پر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے میرٹ لسٹ بھی روک لی تھی۔

(جاری ہے)

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امیر بھٹی نے دوہری شہریت رکھنے والے طالبعلموں کو میڈیکل کالجز میں داخلہ نہ دینے کے خلاف درخواستوں کا فیصلہ سنا یا جس کے تحت پاکستان سے اے لیول کرنے والے دوہری شہریت کے حامل طالبعلموں کومیڈیکل کالجز میں داخلے کا اہل قرار دے دیا۔

عدالت نے دوہری شہریت کے حامل طالبعلموں کومیڈیکل کالجز ایڈمیشن رولز 2018 کے تحت میڈیکل کالجز میں داخلے دینے اور 2018کے داخلہ رولز کے تحت نئی میرٹ لسٹ جاری کرنے کا بھی حکم دیا۔درخواست گزاروں کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے موقف اپنایا کہ پاکستان سے اے لیول کرنے والے دوہری شہریت کے حامل طلبا ء کو داخلے سے روکا جانا آئین کے تحت بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے، آئین کے تحت دوہری شہریت کے حامل طلبا ء کے حقوق سلب نہیں کئے جاسکتے۔اس سے قبل عدالتی حکم امتناعی پر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے میرٹ لسٹ بھی روک لی تھی۔