Live Updates

} برطانوی شاہی جوڑا آج رات ساڑھے نو بجے اسلام آباد پہنچے گا

پیر 14 اکتوبر 2019 19:07

ی*اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 اکتوبر2019ء) برطانیہ کا شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ آج (پیر) چودہ اکتوبر کو رات ساڑھے نو بجے خصوصی طیارے کے ذریعے نور خان ائیربیس پر اتریں گے اور اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔ برطانوی شاہی خاندان کے رکن کسی بھی جوڑے کا گزشتہ ایک عشرے سے بھی زائد عرصے میں پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔ برطانوی شاہی جوڑے کے دورہ پاکستان کے دوران برطانیہ اور پاکستان کے مابین تاریخی تعلقات کا اظہارہے ، اس دورے سے بین الاقوامی میڈیا کی توجہ پاکستان پر مرکوز ہوگی۔

جس سے بین الاقوامی برادری کا پاکستان میں امن وامان کے حوالے اعتماد بحال ہوگا۔ اس دوران آج کے پاکستان پر زیادہ توجہ دی جائے گی، جو ایک متحرک، پرجوش اور مستقبل کی طرف پرامیدی سے دیکھنے والا ملک ہے۔

(جاری ہے)

نور خان ایئربیس پر برطانوی شاہی مہمانوں کا سرخ قالین پر خیرمقدم، اعزازی گارڈ پیش کی جائے گی، جس کے بعد شاہی جوڑے کو وفاقی وزراء، دفتر خارجہ حکام اور برطانوی سفارتکار خیرمقدم کریں گے۔

شہزادہ ولیم اور اہلیہ کے دورہ پاکستان کے شیڈول کے مطابق 15 اکتوبر کو صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سے ملاقاتیں کریں گے، اس کے علاوہ شاہی جوڑا ایف سیون سکول، کالج کا دورہ، نجی ادارے کے اجلاس میں شرکت کریگا. اور پاکستان مانومنٹ پر منعقدہ خصوصی تقریب کا حصہ بھی ہوں گی. اسلام آباد کے بعد برطانوی شاہی جوڑا 16 اکتوبر کو لاہور میں ایس او ایس ویلیج، ایچیسن کالج کا دورہ کریگا، شہزادہ اور شہزادی، شوکت خانم ہسپتال بھی جائیں گے، تاہم سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر تاحال بادشاہی مسجد، مینار پاکستان کا دورہ حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا۔

برطانوی شاہی جوڑا 17 اکتوبر کو چترال جائے گا، مقامی افراد سے ملیں گے۔ موسم بہتر، سیکیورٹی مسائل نہ ہوئے تو برطانوی مہمان درہ خیبر، قلعے کا دورہ بھی کریں گے۔ شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن کا 18 اکتوبر کو فیصل مسجد کے دورے کا بھی امکان ہی. برطانوی شاہی جوڑا 18 اکتوبر دوپہر ڈیڑھ بجے نور خان ائیر بیس سے وطن واپس روانہ ہو جائے گا۔برطانوی شہزادہ ولیم اور اس کی اہلیہ شہزادی کیٹ سے قبل پاکستان کا دورہ کرنے والا گزشتہ برطانوی شاہی جوڑا شہزادہ چارلس اور ان کی اہلیہ کامیلا تھے، جنہوں نے 2006ء میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

اس سے قبل پرنس ولیم کی والدہ شہزادی ڈیانا نے بھی 1996ء میں پاکستان کا ایک دورہ کیا تھا۔ لیڈی ڈیانا اس وقت سابق پاکستانی کرکٹر اور موجودہ وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے تعمیر کیے جانے والے کینسر ہسپتال کے لیے مالی عطیات جمع کرنے کی ایک تقریب میں شرکت کے لیے پاکستانی آئی تھیں۔اس کے علاوہ برطانوی ملکہ الزبتھ ثانی بھی 1961ء اور 1997ء میں پاکستان کے سرکاری دورے کر چکی ہیں۔ شمیم محمود
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات