مسئلہ کشمیربھارتی ہٹ دھرمی کے باعث حل نہیں ہورہا، کشمیری کبھی بھی بھارتی تسلط کو قبول نہیں کریں گے، سابق سیکرٹری خارجہ شمشاد احمدخان

پیر 14 اکتوبر 2019 19:40

لاہور۔14 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2019ء) سابق سیکرٹری خارجہ شمشاد احمدخان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیربھارتی ہٹ دھرمی اور دنیاکی بڑی طاقتوںکے مفادات کے باعث حل نہیں ہورہاکیونکہ ہندوستان ایک بڑی مارکیٹ ہے، کشمیری کبھی بھی بھارتی تسلط کو قبول نہیں کریں گے لیکن ہمیں خود کو سیاسی، معاشی اورمعاشرتی طورپر مضبوط کرنے کی ضرورت ہے تاکہ کشمیری بلاجھجھک پاکستان کے ساتھ الحاق کرنے پر فخرمحسوس کریں۔

مسئلہ کشمیرپر لاہور پریس کلب کے پروگرام میٹ دی پریس میں گفتگو کرتے ہوئے انھوںنے کہاکہ اقوام متحدہ اس مسئلہ کو کبھی حل نہیں کرے گی اور اس کی دو وجوہات ہیں پہلی یہ کہ اقوام متحدہ صرف بڑی قوتوں کے مفادات کے لئے قائم ہے اور دوسری یہ کہ دنیا میں فلسطین، بوسنیا، شام اور کشمیر سمیت جہاں جہاں مسلم ممالک یا مسلم اکثریت ہے ان کے مسائل کے حل میںسنجیدہ نہیں ہو گی۔

(جاری ہے)

انھوں نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان جنرل اسمبلی میں ایک قراردادپیش کرے جس کی چھیانوے ارکان حمایت کریں اس کے بعد اس قرارداد کے متن کو لیکر پاکستان عالمی عدالت انصاف میں جائے اور مسئلہ کشمیر کے مشاورتی حل کے لئے عالمی عدالت انصاف سے تجاویز مانگے تاکہ کشمیریوںکی اخلاقی، سیاسی، سفارتی مدد ممکن ہوسکے ،انہوں نے کہا کہ جنگ مسئلہ کشمیر کا حل نہیں بلکہ یہ ہی موقع ہے کہ بھارت کے ان ظالمانہ اقدامات پر دنیامیں مزید آگاہی مہم چلاکر اسے دبائو میں لایا جائے اور اس موقع کو کسی صورت بھی گنوایانہ جائے۔ لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے کہاکہ شمشاد احمد خان کا پاکستان کی خارجہ پالیسی میںکرداربہت اہم رہاہے۔