مذہب کے نام پر کسی کو بھی سیاست نہیں کرنے دیں گے،سالانہ عرس میں مقررین کا خطاب

پیر 14 اکتوبر 2019 20:10

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2019ء) مذہب کے نام پر ہم کسی کو بھی سیاست نہیں کرنے دیں گے، جب وقت تھا اس وقت نکلے نہیں اور اب ختم نبوت کے نام پر عوام کو دھوکہ دینے کے لئے پر تول رہے ہیں۔ پاکستان کی ’’پ‘‘ کی مخالفت کرنے والے اب پاکستان کے ٹھیکیدار نہ بنیں، پاکستان اولیاء اللہ کا فیضان ہے جو رہتی دنیا تک شاد و آباد رہے گا، قیام پاکستان کے سلسلے میں علماء و مشائخ کا کردار روز روشن کی طرح عیاں ہے،حضرت امیر ملت پیر سید جماعت علی شاہ ،پیر صاحب گولڑہ شریف ،پیر صاحب بھرچونڈی شریف ،موہڑہ شریف ،چورہ شریف دیگر روحانی آستانوں کے وارثان نے بانی پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا اور اپنے جان و مال سب کچھ قربان کیا۔

پاکستان ہم سب کی آن و شان ہے ہماری عزتیں، عظمتیں پاک وطن کی بدولت ہیں، ہمارے کل کے لئے اپنا آج قربان کرنے والے ہم سب کے سروں کا تاج ہیں، پاک فوج ہمارا قیمتی اثاثہ ہے ملکی سلامتی و استحکام کے لئے ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار سابق وزیر مذہبی امور حکومت آزاد جموں کشمیر صاحبزادہ حامد رضا ،علامہ پیر محمد ثاقب شامی ،علامہ عنصر القادری ،علامہ محمد کوکب نورانی اور علامہ ثمر عباس رضوی عطاری نے جامع العالم دوبرجی ملہیاں سالانہ عرس مبارک شیخ الحدیث و تفسیر علامہ حافظ محمد عالم رحمتہ اللہ علیہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ برصغیر پاک و ہند میں اسلام کی قندیلیں اولیاء اللہ نے اپنے خون جگر سے روشن کیں اور اپنے عمل و کردار سے شجر اسلام کی آبیاری فرمائی ،دامن مصطفیﷺ سے وابستہ ہوکر لاکھوں لوگوں کی زندگیوں میں انقلاب برپا کیا۔اس موقع پر پاکستان مشائخ وعلماء کونسل کے مرکزی چیئرمین پیر سید سیف اللہ خالد گیلانی ،سیکرٹری جنرل ایس اے حکیم القادری ،ضلعی چیئرمین پیر سید فدا حسین شاہ زنجانی ،ولی عہد ساہو چک شریف پیر محمد عرفان الٰہی قادری ،خلیفہ مجاز چورہ شریف پیر صوفی مظہر حسین نقشبندی ،سجادہ نشین منڈیر شریف سیداں پیر سید مبارک علی شاہ ،استاد العلماء علامہ حافظ غلام حیدر خادمی ،صوبائی وزیر اسپیشل ایجوکیشن چوہدری اخلاق احمد ،ممتاز سیاسی شخصیت عمر ڈار،علامہ حافظ نیاز احمد الازہری ،پروفیسر نصیر القادری ،علامہ حافظ محمد لقمان اویسی ،قاری محمد انور قادری سنی علماء بورڈ ،محمد جہانگیر قادری ضلعی صدر سنی تحریک و دیگر علماء ومشائخ اور عقیدت مندان بھی موجود تھے۔

علامہ پیر محمد ثاقب رضا شامی نے کہا کہ بزرگاندین نے ہمیشہ محبتوں کو فروغ دیا اور لوگوں کے قلوب و اذہان کو خوف خدا و عشق مصطفیﷺ سے معطر کیا،موجودہ وقت کا تقاضا ہے کہ اولیاء اللہ کی تعلیمات کو عام کیا جائے ۔ادرارہ وحدت اسلامیہ کے سربراہ علامہ ڈاکٹر خادم حسین خورشد الازہری نے کہا کہ استاد العلماء حافظ محمد عالمؒ کی ساری زندگی قرآن و سنتﷺ کے فروغ میں بسر ہوئی ،آپ ؒ نے ایک جہاں کو علم و حکمت سے منور کیا ،آپ کا لگایا ہوا پودا اب ایک بہت بڑا تن آور درخت بن چکا ہے جس کی چھائوں کے نیچے ہم سب بڑئے انعام و کرام کے ساتھ اپنی زندگیوں کے شب و روز بڑئے احسن طریقہ سے بسر کررہے ہیں ،آپؒ کے شاگر د ملک پاکستان ہی نہیں بلکے بیرون ممالک میں بھی مذہبی خدمات بڑئے احسن طریقہ سے سر انجام دئے رہے ہیں ۔

علامہ عبدالحمید چشتی نے کہا کہ سرور کائنات ،فخر موجودات ،سیّد المرسلین ،امام الانبیاء جناب رسالت مآب حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی پر نور ہستی تمام عالم انسانیت کیلئے مینارہ نور کی حیثیت رکھتی ہے ،آپﷺ کی تعلیمات کو فروغ دے کر معاشرہ میں امن وسلامتی کے دیپ رُوشن کئے جاسکتے ہیں۔تقریب سے پیر سید عارف بہائوالحق شاہ چشتی ،علامہ محمد صفدر پسیہ ،قاری محمد شفیق چشتی ،قاری احمد رضا جماعتی ،علامہ غلام محی الدین جیلانی ،علامہ شکیل احمد رضوی و دیگر نے بھی خطاب و ہدیہ نعت پیش کیا۔