جاپان میں سمندری طوفان نے تباہی مچادی، 56 افراد ہلاک

سال کی 40 فیصد بارش ایک ہی دن میں صرف دو علاقوں میں ریکارڈ کی گئی، طوفان سے ناگانو، میاگی اور فوکوشیما کے علاقے شدید متاثر ہوئے ہیں، رپورٹ

پیر 14 اکتوبر 2019 20:25

جاپان میں سمندری طوفان نے تباہی مچادی، 56 افراد ہلاک
ٹوکیو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2019ء) جاپان میں سمندری طوفان ہیگی بس کے باعث وسطی اور مغربی حصے میں سیلابی صورتحال کا سامنا ہے جبکہ مختلف حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد 56 ہوگئی ہے اور180 سے زائد افراد زخمی ہیں۔لاپتہ افراد کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے، متاثرہ علاقوں میں فوج، ریسکیو اہلکار سمیت ایک لاکھ سے زائد رضاکار ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹ کے مطابق دو روز قبل ٹوکیو سے ٹکرانے والے طاقتور طوفان ہیگی بس کو جاپان کی گزشتہ چند دہائیوں کا بدترین طوفان قرار دیا جارہا ہے۔طوفان کی شدت اب کم ہوگئی ہے تاہم بارشوں کا سلسلہ (آج ) منگل کو بھی جاری رہے گا۔ طوفان سے متاثرہ علاقوں میں اب تک 92 ہزار سے زائد گھروں کی بجلی منقطع ہے۔میٹرولوجیکل حکام کے مطابق سال کی 40 فیصد بارش ایک ہی دن میں صرف دو علاقوں میں ریکارڈ کی گئی، طوفان سے ناگانو، میاگی اور فوکوشیما کے علاقے شدید متاثر ہوئے ہیں۔