Live Updates

اسد قیصرپارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے پاک افغان تعلقات میں برف پگھلانے میں کامیاب،پارلیمانی سطح پر بات چیت کا فیصلہ

افغانستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے حالات معمول پر لانے کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کرے ،اسد قیصر کی افغان ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت افغان سپیکر کی دونوں ممالک کے مابین ریاستی امور کی بہتری کیلئے حکومت پاکستان اور پارلیمنٹ کی کوششوں کی تعریف

پیر 14 اکتوبر 2019 22:00

بلغراد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2019ء) پاکستان اور افغانستان کے تعلقات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے ،دونوں ممالک نے پارلیمانی سطح پر باہمی بات چیت کرنے کا فیصلہ کرلیا جس کا مقصد باہمی تعاون اور افہام و تفہیم کے فروغ کے ساتھ ساتھ عوام کے درمیان رابطوں کو فروغ دینے کے لئے اعتماد پر مبنی حکمت عملی تیارکرنا ہے ۔یہ پیشرفت سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی سربیا کے دارالحکومت بلغراد میں پیر کو بین پارلیمانی یونین (آئی پی یو) کی 141 ویں اسمبلی کے اجلاس کے دوران اپنے افغان ہم منصب رحمن رحمانی سے ملاقات کے دوران سامنے آئی ہے ۔

افغان اسپیکر نے دونوں ملکوں کے مابین ریاستی امور کی بہتری کے لئے حکومت پاکستان اور پارلیمنٹ کی کوششوں کو سراہا اور طورخم بارڈر کو کھول کر تعاون کے دائرہ کار کو بڑھانے میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے اقدامات کی بھی تعریف کی۔

(جاری ہے)

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے افغان اسپیکر کو آگاہ کیا کہ پاکستان کی قومی اسمبلی پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار پارلیمانی سروسز (پی آئی پی ایس) کے پلیٹ فارم کے ذریعے افغان پارلیمنٹیرینز اور پارلیمانی عہدیداروں کی استعدادکار بڑھانے کے لئے اپنی خدمات فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔

انہوں نے افغان اسپیکر کو پارلیمانی وفد کی سربراہی کرتے ہوئے پاکستان آنے کی دعوت دی تاکہ ویزاپالیسی میں نرمی کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے مابین تجارت اور تجارتی سرگرمیوں میں توسیع سمیت دیگر دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا جاسکے۔مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم سے متعلق افغان وفد کو آگاہ کرتے ہوئے اسپیکر اسد قیصر نے افغان اسپیکر پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر جو گذشتہ 72 دنوں سے محاصرے میں ہے کے حالات کو معمول پر لانے کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں تاکہ خطے میںانسانیت سوز بحران سے بچا جاسکے۔دونوں ممالک کے اسپیکروں کے مابین پہلی ملاقات پارلیمانی پلیٹ فارم کے ذریعہ جاری تعاون کی راہ ہموار کرنے میں مددگار ثابت ہو ئی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات