پاکستان ریلوے کا بابا گرونانک کی 550 ویں سالگرہ کی مناسبت سے خصوصی ٹرین چلانے کا انتظام

پیر 14 اکتوبر 2019 22:25

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2019ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی ہدایات پر پاکستان ریلوے نے بابا گرونانک کی 550 ویں سالگرہ کی مناسبت سے خصوصی ٹرین چلانے کا انتظام کیا ہے۔ پاکستان ریلوے نے دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتریوں کی سہولت کے لئے خصوصی طور پر ڈیزائن کیا ہے۔ ٹرین کی بوگیوں سے سیٹس نکال کر ہال طرز کا بنا دیا گیا ہے جہاں سکھ یاتری جمع ہو کر اپنی مذہبی رسومات ادا کر سکیں گے۔

(جاری ہے)

کوچ کا ایک حصہ گرو کرنت کے لئے مخصوص کیا گیا ہے۔ ٹرین کی تزئین و آرائش میں سکھ برادری نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔ یہ ٹرین سکھوں کی تاریخ، گرونانک کی جائے پیدائش، ننکاہ صاحب اور آرام گاہ کرتارپور کی تصاویر کے ساتھ ساتھ سکھ مذہب کی مختلف تصویروں، زری کپڑوں، آرائشی قالین، پھولوں، سازندوں اور گلوکاروں کی موجودگی میں سکھ کلچر اور مذہب کی بھرپور نمائندہ بھی ہے۔ ٹرین میں سوار سکھ یاتریوں نے پاکستان ریلوے کی جانب سے امن و آشتی کے اس پیغام کو خوب سراہا ہے ۔