مصباح الحق اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں سزا یافتہ شرجیل خان کو قومی ٹیم میں شامل کرنے کے خواہاں

قومی ٹیم کے کوچ و چیف سلیکٹر جارح مزاج بلے باز کو آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں موقع دینے کے خواہش مند، تاہم بلے باز کی ری ہیب پروگرام پر مکمل عملدرآمد نہ ہونے کی وجہ سے ٹیم میں فوری واپسی ممکن نہیں

muhammad ali محمد علی پیر 14 اکتوبر 2019 22:48

مصباح الحق اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں سزا یافتہ شرجیل خان کو قومی ٹیم ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 اکتوبر2019ء) مصباح الحق اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں سزا یافتہ شرجیل خان کو قومی ٹیم میں شامل کرنے کے خواہاں، قومی ٹیم کے کوچ و چیف سلیکٹر جارح مزاج بلے باز کو آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں موقع دینے کے خواہش مند، تاہم بلے باز کی ری ہیب پروگرام پر مکمل عملدرآمد نہ ہونے کی وجہ سے ٹیم میں فوری واپسی ممکن نہیں ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے اگلے ماہ شیڈول آسٹریلیا کیخلاف سیریز کیلئے قومی ٹیم کے انتخاب کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ سری لنکا کےخلاف ہوم ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بدترین شکست کے بعد قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق تمام چھ صوبائی ٹیموں کے کوچز کے ساتھ مل کر ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ اسکواڈ کی تشکیل کے لیے صلاح مشورے میں مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق مصباح الحق نے کئی کرکٹرز کی فٹنس اور کارکردگی کے حوالے سے ڈومیسٹک کوچز سے تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے اور مشاورت جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے کئی کھلاڑیوں کی قومی ٹیم میں واپسی ہو سکتی ہے۔ آسٹریلیا کیخلاف سیریز کیلئے قومی ٹیم کیلئے فواد عالم، عدنان اکمل، محمد رضوان اور سلمان بٹ کے ناموں پر غور کیا جا رہا ہے۔

جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزا یافتہ شرجیل خان کو بھی قومی ٹیم میں شامل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ دعویٰ کیا گیا ہے کہ ٹیم مینجمنٹ فخرزمان کی خراب فارم کے بعد شرجیل خان کی ٹیم میں واپسی کی خواہاں ہے۔ تاہم اب تک شرجیل خان ری ہیب پروگرام پر مکمل طور پر عملدرآمد کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ اس وجہ سےجارھ مزاج بلے باز کی ٹیم میں فوری واپسی ممکن نہیں ہے۔ شرجیل خان کو قومی ٹیم میں واپسی کیلئے ابھی مزید انتظار کرنا ہوگا۔