پاکستانی معیشت کیلئے سب سے بڑی اور اچھی خبر، 23 ارب ڈالرز ملنے کا قوی امکان

رواں مالی سال بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھجوائی جانے والی ترسیلات کا حجم 23 ارب ڈالرز کی سطح کو چھو جائے گا

muhammad ali محمد علی پیر اکتوبر 23:47

پاکستانی معیشت کیلئے سب سے بڑی اور اچھی خبر، 23 ارب ڈالرز ملنے کا قوی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 اکتوبر2019ء) پاکستانی معیشت کیلئے سب سے بڑی اور اچھی خبر، 23 ارب ڈالرز ملنے کا قوی امکان، رواں مالی سال بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھجوائی جانے والی ترسیلات کا حجم 23 ارب ڈالرز کی سطح کو چھو جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق حکومتی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ رواں مالی سال کے دوران ترسیلات زر میں اضافہ ہونے کا امکان ہے۔

بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال کے اختتام تک بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھجوائی جانے والی رقوم کا حجم 23 ارب ڈالرز کی تاریخی سطح تک پہنچ جانے کا واضح امکان ہے۔ رواں مالی سال کے پہلے تین ماہ کے دوران موصول ہونے والی ترسیلات زر کے ٹرینڈ سے لگ رہا ہے کہ رواں سال کے آخر تک پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ ہو گا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال کے پہلے تین ماہ کے دوران حکومت کو ترسیلات زر کی مد میں 5.4 ارب ڈالرز موصول، بیرونی ممالک سے بھجوائی جانے والی رقوم میں گزشتہ برس کے مقابلے میں 17 فیصد تک کا اضافہ، ستمبر کے ماہ میں 1 ارب 70 کروڑ ڈالرز سے زائد موصول ہوئے۔

بیرون ملک مقیم پاکستانی کارکنوں نے رواں مالی سال 2020ء کے ابتدائی تین ماہ (جولائی تا ستمبر) میں 5478.11 ملین امریکی ڈالر وطن بھجوائے جبکہ گذشتہ برس کی اسی مدت میں 5557.61 ملین ڈالر موصول ہوئے تھے۔رپورٹ کے مطابق ستمبر 2019ء میں کارکنوں کی ترسیلات زر کی مالیت 1747.95ملین ڈالر رہی جو کہ اگست 2019ء کے مقابلے میں 3.4 فیصد زیادہ جبکہ ستمبر 2018ء کے مقابلے میں17.6 فیصد زیادہ ہیں۔

بلحاظ ملک ستمبر 2019ء کی تفصیلات سے پتہ چلتا ہے کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، امریکہ، برطانیہ، خلیج تعاون کونسل کے ملکوں(بشمول بحرین، کویت، قطر اور عمان) اور یورپی یونین کے ملکوں سے بالترتیب420.88ملین ڈالر،363.34 ملین ڈالر،281.91 ملین ڈالر،264.89 ملین ڈالر، 162.77 ملین ڈالر، اور53.20 ملین ڈالر پاکستان بھجوائے گئے،جبکہ ستمبر 2018ء میں ان ملکوں سے آنیوالی رقوم بالترتیب 360.16ملین ڈالر،308.13 ملین ڈالر، 240.49 ملین ڈالر،216.75 ملین ڈالر، 134.49 ملین ڈالر اور 41.14 ملین ڈالر تھیں۔ ستمبر 2019ء میں ملائشیا، ناروے، سوئٹزر لینڈ، آسٹریلیا، کینیڈا، جاپان اور دیگر ملکوں سے آنیوالی ترسیلات زر مجموعی طور پر200.95 ملین ڈالر رہیں جبکہ ستمبر 2018ء میں ان ملکوں سی185.31 ملین ڈالر موصول ہوئے تھے۔