سدرن پنجاب نے ناردرن کے مضبوط باؤلنگ اٹیک کے سامنے گھٹنے ٹیک دئیے

سہیل تنویر نے 3 اور محمد عامر نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، اوپنر عمر امین کی نصف سنچری، مڈل آرڈر بیٹسمین آصف علی کی جارحانہ اننگز، ناردرن نے 5 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرلی

منگل 15 اکتوبر 2019 00:38

سدرن پنجاب نے ناردرن کے مضبوط باؤلنگ اٹیک کے سامنے گھٹنے ٹیک دئیے
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 اکتوبر2019ء) اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گئے پہلے میچ میں ناردرن نے سدرن پنجاب کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ فاتح ٹیم کی جانب سے سہیل تنویر اور محمد عامر نے مجموعی طور پر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ اوپنر عمر امین نے نصف سنچری اسکور کی۔ مڈل آرڈربیٹسمین آصف علی کی جارحانہ اننگز نے جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

ناردرن نے 136اسکور کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر 19 اوور زمیں حاصل کرلیا۔ نیشنل ٹی ٹونٹی کپ فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں سدرن پنجاب کے کپتان شان مسعودنے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔محمد عامر، سہیل تنویر، عماد وسیم اور شاداب خان کی موجودگی میں ناردرن کی مضبوط باؤلنگ لائن اپ کے سامنے سدرن پنجاب کی اننگز کا آغاز متاثرکن نہ رہا اور 79 رنز پر 6کھلاڑی پویلین واپس لوٹ گئے۔

(جاری ہے)

جس کے بعد آلراؤنڈر عامر یامین نے کریز سنبھالی اور 4 چوکوں کی مدد سے 33 رنز بنا کر ٹیم کامجموعہ 135 تک پہنچانے میں مدد ی۔ صہیب مقصود کے 25 اور وہاب ریاض کے 16 رنز کی بدولت سدرن پنجاب نے مقررہ 20 اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے۔ناردرن کی جانب سے سہیل تنویر نے 27 رنز کے عوض 3 جبکہ محمد عامر نے 19 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

شاداب خان اور محمد نواز نے بھی 1،1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ جواب میں ناردرن کی جانب سے بھی اننگز کا آغاز متاثر کن نہ رہا اور محض 17 رنز پر 2 کھلاڑی پویلین واپس لوٹ چکے تھے۔جس کے بعد اوپنر عمر امین نے آلراؤنڈر محمد نواز کے ہمراہ ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ دونوں کے درمیان 63رنزکی شراکت نے میچ میں ناردرن کی پوزیشن مستحکم کردی۔ عمرا مین41 گیندوں پر 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ان کی اننگز میں 4 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ محمد نواز نے 24 ر نز بنائے تاہم مڈل آرڈر بیٹسمین آصف علی نے اختتامی اوورز میں 24 گیندوں پر 44 رنز بنا کر جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ آصف علی کی جارحانہ اننگز میں 3 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ناردرن نے مطلوبہ ہدف6 گیندوں قبل 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔سدرن پنجاب کی جانب سے دراز قد فاسٹ باؤلر محمد عرفان اور اسپنر زاہد محمود 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ایونٹ میں پیر کے روز 2 میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلے میچ میں ناردرن اور سنٹرل پنجاب جبکہ دوسرے میچ میں خیبرپختونخوا اور سدرن پنجاب کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔